صوبائی حکومت علما کرام کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ان کے مسائل کے حل کواولین ترجیح دیتی ہے،حاجی حبیب الرحمن

منگل 29 نومبر 2016 22:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 نومبر2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیر عشر و زکوا، اوقاف و مذہبی امور حاجی حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت علما کرام کو قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ حکومت ان کے مسائل اپنے مسائل سمجھتے ہوئے انہیں حل کرنے کو ترجیح دیتی ہے ۔یہ بات انہوں نے منگل کے روز اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں تحصیل خطبا کی ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر سینئر وزیر بلدیات عنایت اللہ ، ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف محمد انور ،ایڈمنسٹریٹر اوقاف ہدایت اللہ، مولانا عبدالحکیم، مولانا سمیع الحق نے بھی شرکت کی۔تحصیل خطبا نے صوبائی وزرا سے اپنی ملازمتوں کی مستقلی کا مطالبہ کیا تاکہ وہ ذہنی یکسوئی کے ساتھ اپنے مدارس اور مساجد میں درس و تدریس کا کام خوش اسلوبی سے جاری رکھ سکیں۔

(جاری ہے)

مجاذ حکام نے صوبائی وزرا کو تحصیل خطبا کی مستقلی اور فنڈز کی فراہمی کے بارے میں تفصیلی طور پر بریفنگ دی۔

صوبائی وزرا نے متعلقہ حکام کو تحصیل خطبا کی مستقلی کیلئے جلد از جلد سمری تیار کرنے کی خصوصی ہدایت کی۔انہوں نے وفد سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ علما معاشرے کی اصلاح میں اپنا موثر کردار ادا کریں اور اسلامی تعلیمات اور اقدار سے عام لوگوں کو روشنا س کرائیں تاکہ ایک حقیقی اسلامی معاشرے کی تشکیل ہو سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام سلامتی ،امن و آشتی کا دین ہے اور علما پر بھی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ لوگوں کو بتائیں کہ اسلام میں دہشتگردی کی کوئی گنجائش نہیں۔انہوں نے کہا کہ غیر اسلامی سیکولر قوتیں اس وقت اسلام اور مسلمانوں کو دہشتگردی کے حوالے سے بدنام کرنے پر تلی ہوئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :