پانامہ لیکس پر(ن) لیگ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے‘میاں محمودالرشید

پانامہ کیس کو پی ٹی آئی بمقابلہ نوازلیگ رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے ، حقیقت میں یہ پاکستان بمقابلہ نوازلیگ معاملہ ہے ، پانامہ انٹرنیشنل ایشو ہے جس پر کئی ممالک کے وزراء نے استعفیٰ اور اپنے آپ کو کلئیر کیا‘ ایم پی ایزراجہ راشد حفیظ ، عارف عباسی ، وحیداصغر ڈوگر کے ہمراہ پر یس کانفر نس

منگل 29 نومبر 2016 22:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 نومبر2016ء) قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس پر(ن) لیگ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے، پانامہ کیس کو پی ٹی آئی بمقابلہ نوازلیگ رنگ دینے کی کوشش کی جارہی ہے ، حقیقت میں یہ پاکستان بمقابلہ نوازلیگ معاملہ ہے ، پانامہ انٹرنیشنل ایشو ہے جس پر کئی ممالک کے وزراء نے استعفیٰ اور اپنے آپ کو کلئیر کیا۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے گذشتہ روزچیئرمین سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کے موقع پر کیا۔پریس کانفرنس میں ایم پی ایزراجہ راشد حفیظ ، عارف عباسی ، وحیداصغر ڈوگر اور عائشہ چوہدری بھی موجود تھیں۔اس موقع پرنوازشریف کے بیانات سے متعلق ایک ڈاکومنٹری میڈیا کو دکھائی گئی۔انہوں نے 1999 میں اقتدار سے ہاتھ دھونے کے بعد 2000 ئ میں سعودی عرب جلاوطنی پر مسلسل قوم سے جھوٹ بولتے رہے کہ ہمارا کوئی معاہدہ نہیں ہوا ، پھر کہا کہ ہمارا پانچ سال کامعاہدہ ہواتھا جو بعد میں 10 سال کا ثابت ہوا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ خواجہ آصف نے اسمبلی فلور پر نوازشریف کو کہاکہ پانامہ کا ایشو چند ہفتے چلے گا پھر یہ ماضی کا حصہ بن جائے اسی طرح 2014 ئ کو تحریک انصاف کے دھرنے کے دوران بھی نوازشریف نے جھوٹ بولاکہ ہم نے کبھی بھی فوج کو ثالثی کے لئے نہیں کہا لیکن ڈی جی آئی ایس پی آر نے بعد میں ان کے جھوٹ کا بھانڈا پھوڑا اورکہاکہ حکومت نے آرمی چیف کو ثالثی کے لئے بولا تھا، اسی طرح اصغر خان کیس میں بھی نوازشریف جھوٹے ثابث ہوئے جس میں انہوں نے کہاکہ ہم نے آئی ایس آئی سے 35 لاکھ روپے وصول نہیں کئے لیکن بعدمیں عدالت میںثابت ہوئے کہ انہوں نے 35 لاکھ لئے تھے، 2008 ئ میں اے پی ڈی ایم پر مشتمل سیاسی جماعتوں کے اتحاد میں نوازشریف نے بھی الیکشن کے بائیکاٹ کا وعدہ کیا تھا مگر بعد میں چور راستے سے الیکشن لڑنے کا اعلان کر دیا۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو اس کا کریڈٹ جاتا ہے کہ جنہوں نے نوازشریف اور ان کی فیملی کو سپریم کورٹ میں پیش ہونے پر مجبور کیا۔میاں محمود الرشید نے کہاکہ میاںنوازشریف نے اسمبلی فلور پر تین تقریریں کیں اورہرتقریر دوسری تقریر سے مختلف تھی ،پھراسی دوران قطری شہزادے کا خط آگیا اور یہ خط بھی نوازشریف کو احتساب سے نہیں بچا سکتا۔

انہوں نے کہاکہ نوازشریف صادق اور امین نہیںرہے اس لئے وہ وزیراعظم کے عہدے پر کیسے رہ سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف پانامہ لیکس کیس میں بٴْری طرح پھنس چکے ہیں اوراب ان کا احتساب سے بچنا مشکل ہے۔ تحریک انصاف نوازشریف کے خلاف ثبوتوں کے ساتھ عدالت میں گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ مسعود احمد قاضی کے بیٹے کاشف قاضی نے جو 70 صفحات کے مزید ثبوت سپریم کورٹ میں پیش کئے ان ثبوتوں نے پانامہ کیس کو مزید مضبو ط کردیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کو تمام ثبوتوں کو سامنے رکھتے ہوئے پانامہ لیکس کیس پر جلد فیصلہ سناناچاہئے ، کرپشن ملک کا ناسور ہے جب تک اس سے جان نہیںچھوٹتی ملک ترقی نہیں کرسکتا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کو تحریک انصاف نے نہیں بلکہ نوازشریف نے مطمن کرنا ہے کہ انہوں نے کیسے پیسے بنائے اور کس طرح بیرون ملک لے کر گئے۔

آخر میں انہوں نے کہاکہ نوازشریف اور ان کی فیملی کو اب قطری شہزادے کا خط بھی نہیں بچا سکے گا، حکومت کی طرف نجی چینلزکو نوٹسز بھیجنے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت چاہتی ہے کہ تمام نجی چینل بند ہوجا ئیںاور صرف پی ٹی وی چلتا رہے تاکہ حکمرانوں کی من پسند کی نشریات عوام تک پہنچتی رہیں۔انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نجی چینل کی بندش پر ہونے احتجاج میں بھرپور شرکت کرے گی۔