محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے انسپکٹرز اور کانسٹیبلان سمیت تمام عملہ کو دوران ڈیوٹی یونیفارم پہننے کی ہدایت کر دی

منگل 29 نومبر 2016 14:33

فیصل آباد۔29 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2016ء)محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے انسپکٹرز اور کانسٹیبلان سمیت تمام عملہ کو دوران ڈیوٹی یونیفارم پہننے کی ہدایت کی ہے۔ سیکرٹری و ڈائریکٹر جنرل ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب کی جانب سے ارسال کئے گئے ہدایت نامہ میں کہاگیاہے کہ کچھ مقامات سے یہ شکایات منظر عام پر آ رہی ہیں کہ انسپکٹرز کی بجائے کانسٹیبلان اور دیگر سٹاف ممبران مختلف روڈز پر غیرقانونی ناکے لگاکر نہ صرف گاڑیوں کے ٹوکن چیک کرتے ہیں بلکہ سادہ کپڑوں میں ہونے کے باعث خود کو انسپکٹرز یا بڑا افسرظاہر کرکے عہدے کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے مبینہ کرپشن بھی کی جا رہی ہے لہٰذا تمام انسپکٹرز اور کانسٹیبلان کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ آئندہ دوران ڈیوٹی تمام انسپکٹرز اور کانسٹیبلان اپنی یونیفارم میں ملبوس رہیں اور اپنا نیم بیج بھی سینے پر آویزاں کریں تاکہ ان کی شناخت میں مدد مل سکے ۔

(جاری ہے)

محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن فیصل آباد ریجن کے ذرائع نے بتایاکہ مذکورہ احکامات کی روشنی میں تما م اضلاع کے ڈسٹرکٹ آفیسرز ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، اے ای ٹی اوز اور انسپکٹرز، کانسٹیبلان وغیرہ کو آگاہ کیاگیاہے کہ آئندہ اس ضمن میں کوئی شکایت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوںنے کہاکہ اس اقدام سے جہاں سرکاری فرائض کی دفاتر سے باہر سر انجام دہی کے دوران عوام الناس کو مذکورہ افسران کی حیثیت کے بارے میں علم ہو سکے گا وہیں کرپشن روکنے میں بھی مدد ملے گی۔