ْنہری پانی کی چوری روکنے کیلئے کسی بھی شخصیت کی سماجی حیثیت کو خاطر میں نہ لانے کی ہدایت

منگل 29 نومبر 2016 14:32

فیصل آباد۔29 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں نہری پانی کی چوری روکنے کیلئے فوری طور پر تحصیل سطح پر خصوصی کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں جن کے سربراہ متعلقہ تحصیل کے اسسٹنٹ کمشنر ز اور ممبران ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس و سب ڈویژنل آفیسر محکمہ انہار ہونگے ۔

فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ذرائع نے بتایاکہ یہ کمیٹیاں نہری پانی کی چوری روکنے اور عادی پانی چوروں کے خلاف کاروائی یقینی بنانے کیلئے آپریشن کریک ڈائون کریں گی ۔ انہوں نے بتایا کہ کمیٹیوں کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی شخص کی سماجی حیثیت سے مرعوب ہونے کی بجائے بلاامتیاز پوری قانونی قوت سے کارروائی عمل میں لائیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ انہار کے ایس ڈی اوز کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں نہری نظام کی مکمل حفاظت کیلئے اقدامات کریں اور پٹرولنگ کے دوران نہری پانی کی چوری کی وارداتوں کا خفیہ سراغ لگا کر اسسٹنٹ کمشنرز کو آگاہ کریں جو چھاپہ مارنے کیلئے اقدامات کریں گے۔

انہوں نے بتایاکہ اسسٹنٹ کمشنرز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بھی اس سلسلہ میں کی گئی کاروائی کی روزانہ رپورٹ ڈی سی اوز کے ذریعے متعلقہ کمشنر کو ارسال کریں۔

متعلقہ عنوان :