ملائشیا، 3سالوں کے دوران 12سو قیدیوں سمیت 9ہزار غیر قانونی تارکین وطن واپس بھیجے گئے

ہفتہ میں ایک دن مختص کمیونٹی ڈے میں خود پاکستانیوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل دریافت کرتا ہوں جنہیں حل کر دیا جاتا ہے ملائشیا ء میں پاکستان کے سفیر سید حسن رضا کی پاکستان ہائی کمیشن کوالا لمپور میں صحافیوں سے خصوصی گفتگو

منگل 29 نومبر 2016 12:51

ملائشیا، 3سالوں کے دوران 12سو قیدیوں سمیت 9ہزار غیر قانونی تارکین وطن ..
کوالا لمپور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2016ء) ملائشیا ء میں پاکستان کے سفیر سید حسن رضا نے کہا ہے کہ پاکستان ہائی کمیشن کوالا لمپور نے 3سالوں کے دوران 12سو قیدیوں سمیت 9ہزار سے زائد غیر قانونی تارکین وطن کو ملائشیا سے باعزت وطن واپس بھیجا ، 528 قیدیوں کو فری ایمرجنسی پاسپورٹس اور مفت ٹکٹس فراہم کئے گئے صرف رواں سال کے دوران 3537پاکستانیوں کی باعزت وطن واپسی یقینی بنائی گئی، ملائیشین جیلوں و کمیپوں بند 3خواتین سمیت 500 پاکستانیوں کی رہائی کیلئے سفارتخانہ اقدامات اٹھا رہا ہے ،ہفتہ میں ایک دن مختص کمیونٹی ڈے میں خود پاکستانیوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل دریافت کرتا ہوں جبکہ مستعد عملہ بھی ان کے مسائل کے حل کیلئے کوشاں رہتا ہے جس میں اہم کردار کمیونٹی ویلفیئراتاشی کا ہے ، ایف آئی اے کو ملائشیا سے ڈی پورٹ ہونے والے افراد سے پوچھ گچھ کے بعد ریکروٹنگ ایجنسیز ( ایجنٹوں) کے خلاف کارروائی کرکے بھاری جرمانے عائد کر نے چاہئیں ، وہ پاکستان ہائی کمیشن کوالا لمپور میں ملائشیا کے دورے پر موجودصحافیوں سے خصوصی گفتگو کررہے تھے، کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ڈاکٹر التماش جنجوعہ بھی اس موقع پر موجود تھے، ہائی کمشنر نے ایک سوال پر کہا کہ میری تعیناتی سے پہلے ملائشیا کی جیلوں میں قید پاکستانیوں کی تعداد ہزاروں میں تھی جن کی رہائی کیلئے ہم نے خصوصی اقدامات کئے اور مختلف ڈیٹینشن سنٹرز سے ان گرفتار پاکستانیوں کو وطن بھیجا گیا، سید حسن رضا نے ایک اور سوال پر بتایا کہ ان قیدیوں میں اکثریت غیر قانونی تارکین وطن کی تھی جنہیں انسانی سمگلروں نے سبز باغ دکھا کر ملائشیا بھیجا تھا جبکہ کچھ معمولی نوعیت کے کیسز میں بند تھے ، جیلوں اور کیمپوں میں بند قریباً 500قیدیوں میں سے اب بھی زیادی تعداد غیر قانونی مقیم پاکستانیوں کی ہے جبکہ 11افراد قتل و دیگر سنگین جرائم میں سزائے موت کے قیدی ہیں جنہوں نے خود اعتراف جرم قبول کیا ہے ، پاکستانی سفیر نے سینئر صحافی نثار علی خان کو بتایا کہ ملائشیا میں 102غیر ملکی سفارتخانوں میں پاکستان کو اہم مقام حاصل ہے ملائشین حکومت پاکستان کو اہم مقام دیتی ہے ، ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ سٹاف کی کمی کے باوجود کمیونٹی کی خدمت کیلئے دفتر اوقات سے زائد گھنٹے سفارتخانہ میں خود موجود ہوتا ہوں جبکہ اکثر ممالک کے قومی دن کی تقریبات ، ملائشیئن حکومت کے پروگراموں میں پاکستان کی نمائندگی ، غیر ملکی وفود سے ملاقاتوں سمیت دیگر مصروفیات کے باوجود ہم وطنوں کی مشکلات کے ازالہ کیلئے اقدامات کئے جاتے ہیں اس حوالہ سے ہفتہ میں ایک دن بدھ کو کمیونٹی سے ملاقات کیلئے مختص ہیں جن سے میں خود ملاقات کرکے ان کے مسائل دریافت کرتا ہوں اور انہیں فوری حل کیا جاتا ہے ، ا س موقع پر کمیونٹی ویلفیئر اتاشی نے کہا کہ غیر قانونی طور پر ملائشیا میں آنے والے افراد پر قابو پانے کیلئے حکومت پاکستان اور ایف آئی اے کو لیٹرز لکھ دئیے ہیں ، اگر ایف آئی اے ڈی پورٹ ہونے والے افراد سے پوچھ گچھ کے بعد ریکروٹنگ ایجنسیز ( ایجنٹوں) کے خلاف کارروائی کر کے ان پر بھاری جرمانے عائد کرے تو ایک طرف غریب لوگ لٹنے سے بچ جائیں گے اور غیر قانونی تارکین وطن کی تعداد ختم ہو جائے گی جبکہ دوسری طرف پاکستان کی بدنامی بھی نہیں ہو گی۔

متعلقہ عنوان :