گوادر بندرگاہ مستقبل میں بین الاقوامی صنعتی وتجارتی مرکز بن کر ابھرے گی، سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر

منگل 29 نومبر 2016 12:47

گوادر بندرگاہ مستقبل میں بین الاقوامی صنعتی وتجارتی مرکز بن کر ابھرے ..
کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2016ء) پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے مرکزی سینئر نائب صدر اور سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بجلی و پانی کے چیئرمین سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر نے کہا ہے کہ گوادر بندرگاہ مستقبل میں بین الاقوامی صنعتی وتجارتی مرکز بن کر ابھرے گی جو نہ صرف بلوچستان بلکہ پورے پاکستان کی معاشی ترقی میں کلیدی کردار ادا کرے گی،سی پیک کے مغربی روڈ سے چینی قافلوں کا پرامن اور محفوظ طور پر گوادر بندرگاہ پہنچنا پر امن اور خوشحال بلوچستان کی علامت ہے، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کے مرکزی شہر گوادر کے عوام کو تعلیم ،صحت ،روزگار اور تجارت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے وفاقی حکومت کے تعاون سے متعدد منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے،گوادر کے طلباء وطالبات کو فنی تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ووکیشنل انسٹیٹیوٹ اور گوادر یونیورسٹی کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے منگل کو’’اے پی پی‘‘ کے ساتھ ایک خصوصی انٹرویو میں کیا۔سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر نے کہا کہ کاشغر سے گوادر تک اقتصادی راہداری کی تعمیر نے پاک چین تعلقات کو نئی جہتیں متعارف کروائی ہیں ،چین پاکستان کا منفرد دوست ملک ہے جبکہ پاک چین دوستی خطے میں روز اول سے ہی مثالی رہی ہے اورچین نے آزمائش کی ہر گھڑی میں پاکستان کا بھر پور ساتھ دیا،انہوں نے کہاپاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے بلوچستان میں امن ،سلامتی ،ترقی وخوشحالی کی نئی رائیں کھلیں گی اور اقتصادی وسماجی ترقی کا نیا دور شروع ہوگا،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی قیادت میں قائم مخلوط صوبائی حکومت پاک چین اقتصادی راہداری منصبوے میں اپنا کلیدی کردار اد اکررہا ہے اور سی پیک منصوبے کی بنیاد گوادر کے شہریوںکو تعلیم ،صحت ،روزگار اور تجارت کے مواقع فراہم کرنے کے لیے وفاقی حکومت کے تعاون سے مختلف منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ گوادر کے طلباء وطالبات کو فنی تعلیم کی سہولیات کی فراہمی کے لیے ووکیشنل ٹریننگ انسٹیوٹ اور گوادر یونیورسٹی کا قیام جلد عمل میں لایا جائے گا،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ پاک چین اقتصادی راہداری میں بلوچستان اور گوادر بندرگاہ کو کلیدی حیثیت حاصل ہے،بندرگاہ کے فعال ہونے اورچینی تجارتی قافلے کی گوادر آمد سے بلوچستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ سے پاکستان ترقی کی نئی منازل طے کرے گا ۔

انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ خطے میں گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے اس لیے گوادر بندرگاہ سے پہلے تجارتی قافلے کی روانگی سے پاکستان اور چین کی تاریخی دوستی کے عظیم سفرکا ایک اور سنگ میل عبور ہواہے ۔انہوں نے کہا کہ سیاسی وعسکری قیادت کے لیے غیر متزلزل عزم سے قلیل مدت میں پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ حقیقت کا روپ دھارچکا ہے جس سے سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ اورہزاروں بیروزگار نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔