کراچی ،اسپیکر آغا سراج درانی نے خرم شیر زمان کی بلدیہ عظمیٰ کو خاطر خواہ فنڈز فراہم نہ کرنے سے متعلق تحریک التوا کو خلاف ضابطہ قراردیدی

پیر 28 نومبر 2016 20:23

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 نومبر2016ء) سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیر کو پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی خرم شیر زمان کی ایک تحریک التوا کو جو حکومت سندھ کی جانب سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کو خاطر خواہ فنڈز فراہم نہ کرنے سے متعلق تھی اسپیکر آغا سراج درانی نے خلاف ضابطہ قراردیدیا۔ وزیر پارلیمانی امور نثار احمد کھوڑو نے اس تحریک کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کراچی کے ترقیاتی منصوبوں پر اربوں روپے خرچ کررہی ہے ، حال میں سندھ حکومت نے کراچی کیلئے دس ارب روپے کے ایک پیکیج کا اعلان کیا تھا لیکن بڑے افسوس کی بات ہے کہ فاضل رکن جس ایوان میں بیٹھے ہیں اسی پر حملہ کررہے ہیں۔

اس موقع پر خرم شیر زمان نے کہا کہ موجودہ حکومت نے کراچی کو کچرے کے ڈھیر میں تبدیل کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہر کے منتخب مئیر اور ڈپٹی مئیر کے پاس فنڈز نہیں ہیں۔ اسپیکر آغا سراج درانی نے کہا کہ وہ صرف اپنی تحریک کے قابل غور ہونے کے قانونی نکات پر بات کریں اور سیاسی تقریر نہ کریں جس پر خرم شیر زمان نے کہا کہ مجھے یہاں بولنے سے کوئی نہیں روک سکتا میں کراچی کے مسائل پر آواز اٹھاتا رہوں گا انہوں نے اسپیکر سے کہا کہ آپ صرف حکمراں جماعت کے نہیں پورے ایوان کے اسپیکر ہیں۔

خرم شیر زمان کے شور مچانے پر ان کا مائیک بند کردیا گیا اور ویر پارلیمانی امور نے کہا کہ فاضل رکن یہاں ہیرو بن کر ایوان کا وقت ضائع کررہے ہیں ۔ بعد ازاں اسپیکر نے ان کی تحریک التوا خلاف ضابطہ قرار دیدی۔

متعلقہ عنوان :