بلوچستان ہائی کورٹ نے اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے

پیر 28 نومبر 2016 20:07

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 نومبر2016ء) بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس جمال خان مندوخیل اور جسٹس ظہیر الدین کاکڑ پر مشتمل ڈویژنل بینچ نے نواب اکبر بگٹی قتل کیس میں سابق صدر پرویز مشرف کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کے احکامات دے دئیے ۔یہ حکم عدالت عالیہ کے ڈویژنل بینچ نے نواب زادہ جمیل اکبربگٹی کے وکیل سہیل احمد راجپوت کی جانب سے دائر آئینی درخواست کی سماعت کے دوران دیا ۔

سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے پرویز مشرف کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے ابھی تک ملزم کو اشتہاری قرار نہیں دیا نہ ہی انہیں قصور وار ٹھہرایا گیا ہے تاہم پہلے آپ کو ثابت کر نا ہو گا کہ پرویز مشرف کی غیر موجودگی میں آپ پیش ہو سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

اس پر پرویز مشرف کے وکیل نے کہا کہ میں اپنے وکالت نامے کی بنیاد پر یہاں پیش ہونے کا مجاز ہوں ایسا نہیں کہ کوئی قانون نہیں کہ جس میں ملزم کی غیر موجودگی میں پیش نہیں ہو سکتا،اس پر عدالت نے جواب دیا کہ آپ کو قانونی دائرے میں رہ کر عدالت کی رہنمائی کرنی ہے، عدلیہ اور ملٹری کے قانون میں بڑا فرق ہوتا ہے پرویز مشرف کے وکیل نے جواب دیا کہ میں جب میجر تھا تب سے اپنے کلائنٹ کو جانتا ہوںمیرا کلائنٹ بھی جانتا ہے کہ پہلے تین سال وہ ٹھیک تھا بعد میں چیزیں ڈی ریل ہوئیں عدالت نے استفسار کیاکہ کیس کے مرکزی ملزم کو متعدد بار نوٹسز بھجوائے گئے مگر وہ پیش نہیں ہوئے اس موقع پر پرویزمشرف کے وکیل اختر شاہ ایڈووکیٹ بولے کہ ان کا موکل مفرور کی تعریف پر پورا نہیں اترتا پرویز مشرف کو سیکورٹی خدشات ہیں اس لئے وہ عدالت میں پیش نہیں ہو سکتے عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے موکل کو کس قسم کی سیکورٹی چاہئے ،آپ پرویز مشرف کی آمد کی گارنٹی دیں ہم سیکورٹی کا لکھ دیتے ہیں،عدالت نے جواب دیا کہ آپ ہمت کریں مشرف کے آنے کی یقین دہانی کرائیں تاریخ اور سیکورٹی آپکی مرضی کی ہوگی پرویز مشرف کی پیشی کے لئے ایڈووکیٹ اختر شاہ نے ایک ہفتے کی مہلت مانگی جسے عدالت نے یہ کہتے ہوئے مہلت دیدی کہ عدالتیں وکلا کا احترام کرتی ہیں اور ساتھ ہی سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پولیس کو ہدایت دی کہ جب انہیں تحریری طور پر مشرف کے وکلا لکھیں تب سیکورٹی کے انتظامات کئے جائیں نواب اکبر بگٹی قتل کیس کی سماعت 21 دسمبر تک ملتوی کر دی گئی ۔