کولمبو میں ہونے والی پاکستانی نمائش دیکھنے کے لیے سری لنکن اُمڈ پڑے،سری لنکا کے عوام کی پاکستانی مصنوعات فوڈ اور موسیقی میں خصوصی دلچسپی،نمائش تین دن تک جاری رہے گی، افتتاح سری لنکا کے وزیر صحت اور پاکستانی ہائی کمشنر نے کیا

اتوار 27 نومبر 2016 21:30

لاہور۔27 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2016ء) سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں پاکستانی مصنوعات فوڈ اور موسیقی کے حوالے سے تین روزہ پاکستان شو شروع ہو گیا جس کا افتتاح سری لنکا کے وزیر صحت ڈاکٹر راجیتھا سینا رتھنااور سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) سید شکیل حسین نے واٹر ایج ہوٹل میں گزشتہ روز کیا ۔ یہ اپنی نوعیت کا پہلا فیسٹیول ہے جو سری لنکا کے جزیرہ نما شہر میں منعقد کیا جا رہا ہے۔

اس پاکستانی میلے کا اہتمام حکومت پنجاب نے لاہور چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری ، پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ، لاہور آرٹس کونسل ، محکمہ سیاحت اور سری لنکا میں پاکستانی کے ہائی کمیشن کے تعاون سے کیا ہے۔ اس شاندارفیسٹیول کو سری لنکا میں طویل عرصہ تک یاد رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

کولمبو میں ہونے والے اس میلے میں پاکستانی کھانوں کو خصوصی اہمیت حاصل ہے کیونکہ کولمبو کی ایک بڑی اکثریت مشرقی کھانوں اور پاکستانی فوڈ کو بہت پسند کرتی ہیں اور اس کا ذائقہ ان کے لیے نیا نہیں ۔

اس میلے میں پاکستانی فنکاروں اور میوزیشنز نے سماء باندھے رکھا اور فیسٹیول میں آنے والے لوگ ہر لمحہ موسیقی سے لطف اندوز ہوتے رہے ۔ مشہور پاکستانی مصنوعات کے برانڈ جن میں سٹائلو شوز ، مسعود ٹیکسٹائلز،دستی قالین بافی کرنے والے ، نیلے رنگ کے برتن سازاداروں، دھاتوں اور پتھر سے تیار کی گئی مصنوعات کے سٹالز میں سری لنکا کے عوام نے خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا ۔

کولمبو کے شائقین نے پاکستان کے جوتوںکے برانڈز میں اس قدر دلچسپی کا مظاہر ہ کیا کہ بہت سی مصنوعات نمائش کے باقاعدہ افتتاح سے قبل ہی فروخت ہو گئیں۔ کولمبو سری لنکا میں منعقد ہونے پاکستان شو میں پینٹنگز اور تصاویر کی نمائش اس تجارتی اور کلچرل میلے کا خصوصی حصہ ہے ۔ یہ پینٹنگز اور تصاویر پاکستان کے مشہور پینٹرز اور فوٹو گرافر ز کی تیار کردہ ہیں جن میں سعید اختر ، اعجاز الحسن ، اعجاز انور ، ذوالفقار ذولفی، ماریہ خان، عمارہ خان، منی ایچر آرٹسٹ بشیر احمد ، عمران قریشی اور عائشہ خالد شامل ہیں جبکہ خطاطی کے فن پارے تیار کرنے والوں میں احمد خان اور عمران سلطان کے فن پارے سر ی لنکا کے آرٹ لورز کی توجہ کا مرکز بنے رہے۔

طبلہ ، وائلن ، ستار ، سرنگی ، ڈھول اور بانسری نواز استاد رئیس، استاد لطیف ، نوشاد، سجاد حسین ، ذوہیب حسین کو حکومت پنجاب نے خصوصی طور پر کولمبو بھیجا ہے تا کہ وہ پاکستان کے سوفٹ امیج کو ہائی لائٹ کر سکیں۔ اس موقع پر سری لنکا کے وزیر صحت نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ صنعتی نمائش اور میلہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تجارتی معاشی تعلقات پروان چڑھ رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ اس نمائش میں سری لنکا کے عوام کی گہری دلچسپی اس بات کو ظاہر کرتی ہے کہ سری کی عوام پاکستانی مصنوعات کے بہت دلدادہ ہیں اُنہوں نے کہا کہ سری لنکا کی حکومت وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کا بہت احترام کرتی ہے اور یہ میلہ اس بات کا ثبوت ہے کہ سری لنکا پاکستان کے ساتھ انتہائی قریبی تجارتی اور معاشی تعلقات کو فروغ دینے میں خصوصی دلچسپی رکھتا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ وہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ، پنجاب بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ ، لاہور آرٹس کونسل ، محکمہ سیاحت اور سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمیشن کے شکر گزار ہیں جنہوں نے کولمبو میں اتنے عظیم الشان شو کا انعقاد کیا۔ سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمشنر میجر جنرل شکیل نے کہا کہ ہائی کمیشن دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجارتی تعلقات میں بھر پور اضافے کے لیے کوشاں ہے ۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی جانب سے ایڈیشنل سیکرٹری انفارمیشن اینڈ کلچر محمد شاہد اقبال نے وزیر صحت سری لنکا کو یاد گاری سوینئر جبکہ چیف ایگزیکٹو سٹائلو گروپ نے پاکستانی مصنوعات کا سیٹ پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :