چیف ایگزیکٹو گیپکو چوہدری محمد اکرم کی دورانِ ڈیوٹی شہید ہونے والے لائن مین جمشید بٹ کے گھر آمد، لواحقین سے اظہار تعزیت ،ورثا کو25لاکھ روپے کا چیک دیا

اتوار 27 نومبر 2016 21:30

گوجرانوالہ۔27 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2016ء) گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی (گیپکو) کے چیف ایگزیکٹو چوہدری محمد اکرم نے کہا ہے کہ کئی دہائیوں کی محنت و تجربہ اور محکمہ کے کڑوروںروپے سے ایک قابل لائن مین تیار ہوتا ہے، لائن سٹاف گیپکو کا سرمایہ ہیں اور اس سرمائے کا اس طرح سے ضیاع ہونا کسی صورت بھی قابلِ قبول نہیں ہے ۔

یہ بات انہوں نے دورانِ ڈیوٹی لائن پر کام کرتے ہوئے شہید ہونے والے جی ٹی روڈ سب ڈویژن گوجرانوالہ لائن مین ون جمشید بٹ کی رہائش گاہ پراُ ن کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے کی۔اس موقع پرپاکستان واپڈا ہائیڈرو ورکر یونین کے مرکزی جنرل سیکرٹری خورشید احمد خاں، ایس ای سٹی سرکل زاہد جاوید، ایکسیئن تصدق ایوب،واپڈا ہائیڈرو یونین کے ریجنل چیئر مین محمد اقبال ڈار،ریجنل جنرل سیکرٹری ولی الرحمن خاںو دیگر بھی اُن کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو چوہدری محمد اکرم اور خورشید احمد خاں شہید ہونے والے لائن مین جمشید بٹ کی رہائش گاہ پرگئے اور مرحوم کے لواحقین کو25لاکھ روپے اور ایک سال کی ایڈوانس تنخواہ کے برابررقم کا چیک دیاجبکہ د یگر واجبات کی فوری ادائیگی کا اعلان بھی کیا۔چیف ایگزیکٹونے کہا کہ لائن سٹاف محکمہ کی طرف سے جاری کردہ حفاظتی تدبیر پر سختی سے عمل کرے، جب کوئی لائن مین اپنے فرائض کی بجا آوری کے دوران شہید ہوتا ہے تو اس سے محکمہ کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ محکمہ میں حادثات کی روک تھام کیلئے گیپکو ہیڈ کوارٹر میں سینئر افسران کی سربراہی میں ایک خصوصی سیفٹی ڈائریکٹوریٹ قائم کیا گیا ہے جو اس طرح کے حادثات کی روک تھام اور لائن سٹاف کی ٹریننگ سے متعلقہ مزید سخت قوائد و ضوابط بنانے کیلئے کام کا آغاز کر چکا ہے۔اس موقع پر واپڈا ہائیڈرو یونین کے مرکزی جنرل سیکرٹری خورشید احمد خاں نے کہا کہ یونین اور گیپکو انتظامیہ کی بھرپور کوششوں کے باوجود لائنوں پر کام کے دوران گیپکو کے محنتی اورجفاکش کارکنوں کی شہادت اُن کے بیوی بچوں اورمحکمہ کیلئے ایسا صدمہ ہے جس کا ازالہ کسی صورت ممکن نہیں۔

انہوں نے مرحومین کے ایصالِ ثواب اور درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی خصوصی دُعا بھی کی۔

متعلقہ عنوان :