ریڈیو پاکستان ملتان کی 46 سال کے عرصے میں خطہ کے لوگوں کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں‘ خورشید ملک

اتوار 27 نومبر 2016 21:30

ملتان۔27 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2016ء) ڈائریکٹر جنرل پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن خورشید احمد ملک نے کہا ہے کہ ریڈیو پاکستان ملتان نے 46 سال کے عرصے میں خطہ کے لوگوں کے لیے ناقابل فراموش خدمات انجام دے کر بہت بڑا نام کمایا ہے۔ انہوں نے یہ بات ریڈیو پاکستان ملتان کی 46ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ ادارے کے کارکنان نے قدرتی آفات اور ہر اہم موقع پر قومی خدمت کے جذبے کے تحت شب و روز جانفشانی سے کام کرکے خطہ کے عوام کی خدمت کی ہے جس کو ہر سطح پر سراہا گیا ہے۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ریڈیو پاکستان ابلاغ کا واحد ادارہ ہے جس کی رسائی ملک کے ہر کونے تک ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں ادارے کے سربراہ کی حیثیت سے جو فرا ئض تفویض کیے گئے ہیں وہ ایک بڑا چیلنج ہیں۔

(جاری ہے)

اس چیلنج سے عہدہ برآ ہونے کے لیے پروگرام، خبر اور ا نجینئرنگ کے شعبوں کو مستعدی سے کام کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ پروگرام اور خبروں کے شعبوں کے نشریاتی مواد میں بہتری لانے اور کمرشل بنیادوں پرپروگرام شروع کرنے پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقہ اور تاجر حضرات اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لیے اس ادارے کے وسیع نیٹ ورک سے استفعادہ کر سکتے ہیں۔

خورشید احمد ملک نے کہا کہ ریڈیو پاکستان ملتان اور گلگت کے اسٹیشنوں کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے اور اب یہ اسٹیشن صوبائی اسٹیشنوں کے ہم پلہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے مختلف پروگرام اور رپورٹس نشر کرنے کا سلسلہ جلد شروع کیا جائے گا کیونکہ یہ منصوبہ ملک کے مستقبل کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

ڈائریکٹر جنرل نے کہا کہ ملتان کے ایک کاروباری ادارے کے تعاون سے ہر سہ ماہی میں ریڈیو پاکستان ملتان ایک بڑا ثقافتی پروگرام منعقد کرے گا جو اس خطہ کے نئے ٹیلنٹ کو متعارف کروانے کے علاوہ لوگوں کو تفریح کا موقع فراہم کرے گا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کنٹرولر داخلی نشریات فیاض بلوچ نے کہا کہ ریڈیو پاکستان ملتان صوفیانہ کلام پر مبنی ایک پروگرام جلد شروع کرے گا ۔

اس موقع پر خطبہ استقبالیہ میں اسٹیشن ڈائریکٹر ریڈیو پاکستان ملتان محمد آصف خان کھیتران نے کہا کہ خورشید احمد ملک کا ڈائریکٹر جنرل کا منصب سنبھالنا ریڈیو پاکستان ملتان اور اس خطہ کے لیے نہایت خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان ملتان کے کارکنان نے ڈاکو مینٹری فیسٹیول کا حالیہ دنوں میں انعقاد کیا ہے اور ملتان کے اٹھارہ تاریخی مقامات کا ریکارڈ ہمیشہ کے لیے محفوظ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈرامہ اور موسیقی کے شعبوں میں جلد وسعت لائی جائے گی تا کہ خطے کے باصلاحیت فنکار متعارف کروائے جا سکیں۔ اس موقع پر معروف گلوکاروں ثریا ملتانیکر، شبنم مجید، راحت ملتانیکر، انمول سیال، عارف خان بابر ، ثوبیہ ملک، نادیہ ہاشمی، ثمر منیر اور میراب علی خان نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ تقریب میں عمائدین شہر، سماجی اور سیاسی شخصیات، ادیبوں، دانشوروں اور مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور خورشید احمد ملک کو ڈائریکٹر جنرل کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے ریڈیو پاکستان کے افسران آصف خان کھیتران، اختر بخاری، سجاد بری، جعفر بلوچ، خضر حیات، قاضی جنید اختر، عبدالوحید اور کالم نگار شاکر حسین شاکر میں اسناد اور شیلڈز تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :