عام انتخابات 2018: ووٹ پولنگ کا طریقہ کار بائیومیٹرک سسٹم کرنے پر کام تیزی سے جاری

ْجلد رپورٹ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور پارلیمنٹ کی الیکشن ریفامز کمیٹی کو پیش کی جائے گی ْ پی ٹی آئی کی طرف سے تفصیلات طلب کرنے پر حکومت کی طرف سے فراہم کردہ تفصیلات میں انکشاف

اتوار 27 نومبر 2016 16:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 نومبر2016ء) عام انتخابات 2018 ء میں ووٹ پولنگ کا طریقہ کار بائیومیٹرک سسٹم کرنے پر کام تیزی سے جاری ہے ۔ ضمنی انتحابات کے دوران چند قومی وصوبائی حلقوں میں بطور پائلٹ پراجیکٹ ٹیسٹ کیا جائے گا۔جلد رپورٹ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور پارلیمنٹ کی الیکشن ریفامز کمیٹی کو پیش کی جائے گی ۔الیکشن ریفارمز کے حوالے پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر محسن عزیز کی طرف سے تفصیلات طلب کرنے پر حکومت کی طرف سے فراہم کردہ تفصیلات میں انکشاف ہوا ہے کہ الیکشن کمیشن نے ملک بھر میں آئندہ عام انتحابات کے دوران بائیو میٹرک سسٹم متعارف کرانے کے لیے کام جا ری رکھا ہوا ہے ،اس پر تندہی سے کام جاری ہے ۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پہلے مرحلے میں پائلٹ ٹیسٹنگ کے انعقاد کے لیے 400 الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں اور 1000 بی وی ایم کی حصولی کا کام مکمل کر لیا ہے ۔

(جاری ہے)

اب کنٹریکٹ دینے کا کام زیر کارروائی ہے جو الیکشن کمیشن آف پاکستان کو سیکورٹی اداروں کی کلیئرنس ملنے کے بعد کمپنی کو دیا جائے گا،معلوم ہو اہے کہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں پارلیمنٹ کی الیکشن ریفارمز کمیٹی کے سامنیان مشینوں کی کارکردگی بارے حتمی معلومات فراہم کرنا ابھی باقی ہے ۔

جبکہ مذکورہ مشینوں کو چلانے اور عملے کو تربیت دینے کے لیے منتحب فرم / وینڈر الیکشن عملے کو تربیت دے گا اور اپنا علیحدہ تربیت یافتہ عملہ بھی تعینات کرے گا ،ذرائع کے مطابق ان افراد کی بھی سیکورٹی ادارہ کلیئرنس دے گا۔قومی وصوبائی اسمبلیوں یا لوکل گونمنٹ کونسلز کے انتحابات مذکورہ مشینوں کے ذریعے کرانے پر کام کیاجارہا ہے ۔ایک بار منتحب فرم / وینڈر کو کنٹریکٹ ملنے کے بعد الیکشن کمیشن آف پاکستان کو مشینوں کی حوالگی کا کام آئندہ 10 سے 12 ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔

اس کے بعد ان مشینوں کو قومی یا صوبائی اسمبلیوں کے حلقوں میں بطور پائلٹ پراجیکٹ ٹیسٹ کیا جائے گا جو ضمنی الیکشن کے دوران بھی ہو سکتا ہے اس کی رپورٹ الیکشن کمیشن آف پاکستان اور پارلیمنٹ کی الیکشن ریفارمز کمیٹی کو پیش کی جائے گی ۔(ع۔چ)