مودی نے دریائوں کا پانی بند کرنے کا اعلان کر کے کھلم کھلا اعلان جنگ کردیا،عبد الرشید ترابی

وزیر اعظم نواز شریف اسلام آباد میںآل پارٹیز کانفرنس کا اہتمام کریں اور بیرون ممالک مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے ایک قومی وفد تشکیل دیں جس کی قیادت وہ خود کریں، رہنما جماعت اسلامی

اتوار 27 نومبر 2016 16:00

ملتان ، بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 نومبر2016ء) جماعت اسلامی آزاد جموں و کشمیر کو امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ نریندر مودی نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم بڑھا دیے سیز فائر لائن پر بلا اشتعال فائرنگ کر درجنوں نہتے کشمیریوں کو شہید اور سندھ طاس معاہدے کو دفن کر کے پاکستان کے بہنے والے دریاوں کا پانی بند کرنے کا اعلان کر کے کھلم کھلا اعلان جنگ کردیا ہے ،میاں نواز شریف اسلام آباد میںآل پارٹیز کانفرنس کا اہتمام کریں اور بیرون ممالک مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے ایک قومی وفد تشکیل دیں جس کی قیادت وہ خود کریں، ان کی قیادت میں یہ قومی وفد اہم ممالک کا دورہ کرے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں پریس کانفرنس اور بہاول پور میں آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوںنے کہا کہ میاں نواز شریف نے جنرل اسمبلی میں اپنے خطاب کے دوران کشمیریوں کی ترجمانی کی جو خوش آئند ہے ، لیکن مقبوضہ کشمیر میں جاری قتل عام اور سیز فائر لائن پر بھارتی جارحیت پانی بندکرنے کے اعلان جنگ کا تقاضا ہے کہ ایک بھرپور بین الاقوامی سطح پر جارحانہ سفارتی مہم کا اہتمام کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر کو زیر بحث لایا جائے ، کشمیرپر او آئی سی کا سربراہی اجلاس بلایا جائے ، ترکی کے صدر طیب رجب اردگان نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پر کشمیریوں کی دو ٹوک حمایت کرنے پر ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور توقع رکھتے ہیں کہ طیب رجب اردگان جو او آئی سی کے چیئرمین ہیں ، ان کی تقلید کرتے ہوئے او آئی سی کے سربراہان مملکت بھی کشمیریوں کی حمایت کا اعلان کریں گے ۔

انہوںنے کہا کہ محض قراردادیں پاس کرنے سے یہ مسئلہ حل نہیں ہوگا بلکہ اس کو حل کرنے کے لیے ٹھوس پالیسی اور جامہ حکمت عملی تشکیل دینا ہوگی ، انہوں نے کہا کہ سیز فائر لائن پر بھارتی فائرنگ کی وجہ سے بڑی تعداد میں سول آبادی کا انخلاء شروع ہو چکا ہے ، جو تشویشناک ہے ، اہل پاکستان ان کی ضروریات پوری کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ، کشمیر میں اس وقت سخت سردی پڑ رہی ہے اور متاثرین سیز فائر لائن مشکلات کا شکار ہیں اور ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ان کو تنہا نہ چھوڑیں ۔

انہوں نے کہا کہ برہان مظفر وانی کی شہادت کے نتیجے میں اٹھنے والی تحریک آزادی کشمیر کی تازہ لہر نے بھارت کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا ہے ، اور اہل کشمیر نے ناقبل تسخیر جذبہ آزادی اور استقامت کی نئی تاریخ رقم کی ہے ، ایک سو چالیس دن سے زائد کا کرفیو توڑ کر وہ بھارت کے خلاف اور پاکستان کے حق میں مظاہرے کر رہے ہیں ، ان کو یہاں سے مثبت پیغام ملنا چاہیے ۔انہوںنے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پاکستانی پرچموں کی بہار ہے ، ہندوستان کا پرچم سرکاری عمارتوں تک محدود ہو چکا ہے، ان حالات میں اہل پاکستان کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کریں ۔