نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے منسلک لنک روڈ کی تکمیل دسمبر کے آخر تک متوقع

اتوار 27 نومبر 2016 15:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2016ء) نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے منسلک لنک روڈ کی تکمیل دسمبر کے آخر تک متوقع ہے۔ این ایچ اے کے ترجمان کاشف زمان نے ’’اے پی پی‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ شیڈول کے مطابق اس سڑک کا کام آئندہ سال مارچ میں مکمل ہونا تھا تاہم اس کی تکمیل اب شیڈول سے پہلے ہونے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ نئے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے منسلک اس سڑک کی کل لمبائی 26.75 کلومیٹر ہے اور اس پر 10 ارب 84 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔ اس کیلئے حاصل کی گئی اراضی 5 ارب 98 کروڑ 40 لاکھ روپے مالیت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایم ون ایم ٹو انٹرچینج سے ایئر پورٹ تک لنک روڈ کی لمبائی ساڑھے پانچ کلومیٹر جبکہ کارگو لنک روڈ کی لمبائی 12 کلومیٹر ہے۔ واضح رہے کہ اس لنک روڈ منصوبہ کی منظوری وزیراعظم نے جنوری 2015ء میں دی تھی ۔ انہوں نے بتایا کہ نئے ایئر پورٹ کی تعمیر کا کام بھی تیزی سے جاری ہے اور جولائی 2017ء سے قبل یہ آپریشنل ہو جائے گا جس کے بعد بے نظیر انٹرنیشنل ایئر پورٹ سے مسافروں کا بوجھ کم ہو جائے گا۔