پرعزم اقوام اپنے آپ کو ہم عصر تہذیبوں سے مربوط رکھتی ہیں اور مثبت عمل سے سیکھتی اور معاشروں کی بہتری کیلئے اس پر عمل درآمد کرتی ہیں، خاتون اول محمودہ ممنون حسین

اتوار 27 نومبر 2016 15:50

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 نومبر2016ء) خاتون اول محمودہ ممنون حسین نے کہا ہے کہ پرعزم اقوام خود کو ہم عصر تہذیبوں سے مربوط رکھتی ہیں اور مثبت عمل سے سیکھتی اور معاشروں کی بہتری کیلئے اس پر عمل درآمد کرتی ہیں۔ وہ اتوار کو یہاں پاکستان فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن کے سالانہ چیریٹی بازار سے خطاب کر رہی تھیں جس کا انعقاد دفتر خارجہ میں کیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نہ صرف غیر رسمی سفارتکاری کو فروغ دیتی ہیں بلکہ اس سے مختلف اقوام کے درمیان تعلقات میں گرم جوشی بھی پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے اپنی ذمہ داریاں موثر انداز میں ادا کرنے پر پاکستان فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس تقریب سے ملک کے مثبت تاثر کو اجاگر کرنے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن فلاحی سرگرمیوں میں فعال کردار ادا کر رہی ہے، سکولوں کی تعمیر، زلزلہ متاثرین کی مدد اور مستحق خاندانوں کے طالب علموں کی مدد کے ساتھ ساتھ غریب مریضوں کے علاج معالجہ کے اخراجات برداشت کرنے سے سمیت دیگر خدمات سرانجام دے رہی ہے۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن اپنی مثبت سرگرمیوں کے ذریعہ معاشرے میں اہم کردار ادا کرتی رہے گی۔ بیگم محمودہ نے مختلف سفارتخانوں کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے مختلف ہینڈی کرافٹس کے ذریعہ ثقافت کے فروغ کی بھی تعریف کی۔

متعلقہ عنوان :