ایوانِ صنعت و تجارت سکھر کے وفد کی غیر روایتی برآمدی تجارت سیمینار میں شرکت

ہفتہ 26 نومبر 2016 23:46

سکھر۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2016ء) ایوانِ صنعت و تجارت سکھر کے وفد نے سینئر نائب صدر محمد رضوان الحق کی سربراہی میں غیر روایتی برآمدی تجارت کے سلسلے میں سیمینار میں شرکت کی جو کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سکھر آفس میں منعقد کیا گیا تھا۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق سیمینار کے دیگر شرکاء میں امتیاز احمد چیف منیجر اسٹیٹ بینک، ڈپٹی ڈائریکٹر TDAP محترمہ بینظیر چاچڑ اور محسن بُلو ڈائریکٹر فشریز اینڈ لائیو اسٹاک غلام محمد اور دیگر فشریز بزنس سے منسلک معززین نے شرکت کی۔

TDAP نے اپنی پریزینٹیشن میں مچھلیوں کی افزائش سے متعلق نہ صرف تکنیکی معلومات فراہم کیں بلکہ ماہی گیری کے جدید طریقوں سے آگاہی فراہم کی۔ اُنہوں نے جدید ماہی گیری آلات و ساز و سامان کی دستیابی اور حکومتی تعاون برائے ایسپورٹ کی بھی یقین دہانی کروائی۔

(جاری ہے)

محمد رضوان الحق سینئر نائب صدر ِ ایوان نے سیمیار سے خطاب کرتے ہوئے سیمینار کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس قسم کے سیمینار ہماری فشریز سیکٹر کیلئے بہت ضروری ہیں سکھر کے گرد ونواح میں ہزاروں ایکٹر پر مشتمل فش فارمز موجود ہیں جو کہ نہ صرف علاقائی اور ملکی ضرورت کو پورا کر رہے ہیںبلکہ قابل ِ قدر زرِ مبادلہ بھی حاصل کر رہے ہیں اور اگر ہمیں آسان قرضوں کی فراہمی اور ڈیوٹی ڈرا بیک اور برآمدی دستاویزات کی تیز پروسیسنگ کی سہولیات میسر ہوں تو ہمارا فشریز سیکٹر کئی گناء مزید ترقی کرسکتا ہے۔

اُنہوں نے TDAP اور اسٹیٹ بینک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ دونوں ادارے تمام ایکسپورٹ دستاویزات کے ساتھ علاقائی سرٹیفکیٹ آف آریجن کو لازمی دستاویزات کا حصہ بنائیں اور وی بوک رجسٹریشن کی سہولت سکھر کسٹمز آفس میں شروع کرنے کیلئے ایوان سے تعاون کریں۔