فیزنٹ شوٹنگ پروگرام 2016ء کا انعقاد لائق تحسین ہے‘ ملک وحید خان

ہفتہ 26 نومبر 2016 23:43

چکوال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2016ء) نواب آف کالا باغ ملک وحید خان نے کہا ہے کہ محکمہ جنگلی حیات و پارکس کی طرف سے شکاریوں کو 9 سال بعد فیزنٹ شوٹنگ کے مواقع کی فراہمی سے قانون کے دائرے میں رہ کر شکار کرنے کے عمل کو فروغ ملے گا۔ فیزنٹ شوٹنگ پروگرام 2016ء کا انعقاد لائق تحسین ہے جس سے نہ صرف سپورٹس ہنٹنگ کی حوصلہ افزائی ہوگی بلکہ عوام کو صحت مند تفریح بھی میسر آئے گی۔

انہوں نے یہ بات کلر کہار وڈھیال میں منعقدہ فیزنٹ شوٹنگ پروگرام 2016 کی افتتا حی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان ، ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی ، ڈی پی او چکوال منیر مسعودمارتھ، اعزازی گیم وارڈن پنجاب شاہ رخ بٹ اور دیگر افسران کے علاوہ علاقے کے معززین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ ہنٹرز کنونشن، کمیونٹی بیسڈ آرگنائزیشنز سیمینار اور اس جیسی دیگر تقریبات کے ذریعے جنگلی حیات کے تحفظ کے لئے عوام آگہی پیدا کررہاہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ جنگلی حیات قانونی شکار کے فروغ کے لئے شکاریوں کو ہر ممکن مواقع فراہم کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کالا ہرن اور چنکارہ سفاری ٹرافی ہنٹنگ پروگرام اور فیزنٹ شوٹنگ پروگرام 2016 کا بنیادی مقصد محکمہ جنگلی حیات اور قانونی شکاریوں مابین تعلقات کو مزید بہتر بنانا ہے۔ انہوںنے کہا کہ محکمہ جنگلی حیات کے زیر اہتمام بریڈ کروا ئے گئے پرندوں کا شکار کروانے سے جنگلوں میں موجود جنگلی حیات کی آبا دی کو پورا رکھنا ممکن ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ کے زیر انتظام مختلف تقریبات کے انعقاد سے جنگلی حیات کے تحفظ بارے آگہی پیدا کی جا رہی ہے۔

بعد ازاںنواب آف کالاباغ ملک وحید خان اور ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی نے گن فائر کرکے تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا۔ فیزنٹ شوٹنگ پروگرام 2016کے سلسلہ میں پنجاب کے علاوہ دیگر صوبوں سے آئے ہوئے 45 شکاریوں نے حصہ لیااور فراہم کردہ 225پرندوں کا شکار کرکے محظوظ ہوئے۔