کراچی ،سانحہ بارہ مئی اور اشتعال انگیز تقاریر کے مقدمات میں مفرور رکن صوبائی اسمبلی عدنان احمد اور کامران فاروقی کے ناقا بل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

ہفتہ 26 نومبر 2016 23:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 نومبر2016ء) کراچی کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے سانحہ بارہ مئی اور اشتعال انگیز تقاریر کے مقدمات میں مفرور رکن صوبائی اسمبلی عدنان احمد اور کامران فاروقی کے ایک بار پھر ناقا ل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ عدالت نے میئر کراچی وسیم اختر کو عدالت میں حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے سماعت 8دسمبر تک ملتوی کر دی۔

ہفتے کو انسداد دہشتگردی کی عدالت نمبر تین میں سانحہ بارہ مئی کے سات اور اشتعال انگیز تقریر کے دو مقدمات کی سماعت ہوئی۔ مقدمات میں میئر کراچی وسیم اختر اور دیگر 19 ملزمان کو پیش کیا گیا۔ ، سانحہ بارہ کے چار مقدمات کی سماعت انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر دو میں ہوئی۔سماعت شروع ہوئی تو عدالت نے وسیم اختر سے استفسار کیا کہ آپ یہاں کیوں آئے ہیں آپ اس وقت تک عدالت نہ آئیں،جب تک مقدمے میں گرفتار آخری ملزم کی ضمانت کی درخواست نہیں سن لی جاتی،آپ کو حاضری سے استثنیٰ حاصل ہے، آپ استثنیٰ کی درخواست دیں اور کراچی کی خدمت کریں۔

(جاری ہے)

عدالت نے مقدمہ میں مفرور رکن صوبائی اسمبلی عدنان احمد اور کامران فاروقی کے ایک بار پیر ناقا ل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔عدالت کے باہر میڈیا سے بات چیت میں وسیم اختر نے کہا کہ ہر مذہب اور جماعت کو ساتھ لے کر چلوں گا،کوشش ہے کچرے سے کراچی کے عوام کی جان چھڑائی جائے۔#