سی پیک کے منصوبوں پر چین اور پاکستان سرمایہ کاری کر رہے ہیں، گلگت بلتستان میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، وزیراعلیٰ حافظ حفیظ الرحمان

ہفتہ 26 نومبر 2016 23:40

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے کہا ہے کہ چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ (سی پیک) خطے کی تقدیر بدلنے کے علاوہ پاکستان کی معاشی استحکام دے گا۔سی پیک منصوبے پر دونوں ملکوں کی سرمایہ کاری ہو رہی ہے، صرف ایک ملک کی سرمایہ کاری کہنا درست نہیں، چائنہ سے پاکستان کو ملانے والی سڑک سے گذرنے والی 5 سرنگوں میں سے 4 کو پاکستان کے چاروں صوبوں کے ناموں سے منسوب کیا جائے گا اور ان صوبوں کی ثقافت کو بھی وہاں اجاگر کیا جائے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو کراچی پریس کلب کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے کہا کہ گلگت بلتستان اور چائنہ کے سنکیان صوبے کی حکومتوں کے درمیان انرجی سیکٹر میں ایک معاہدہ ہونے جا رہا ہے جس سے وافر بجلی قومی گرڈ میں شامل ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں سندھ ہائوس تعمیر کرنا چاہتے ہیں جس کے لئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے بات چیت ہوئی ہے اور انہوں نے رضا مندی ظاہر کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ہم نے معاشی استحکام کے بہت سے مواقع ضائع کئے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت ہمیں فائبر آپٹک بھی مل رہی ہے جو 2017ء میں راولپنڈی تک پہنچ جائے گی جس کے بعد پورے ملک میں اس کا جال بچھایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمان نے کہا کہ گلگت بلتستان میں نیشنل ایکشن پلان کی بدولت امن قائم ہوا ہے، قانون کی حکمرانی اور عمل داری بہتر ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ مذہبی انتہا پسندی کے خاتمے کے لئے شیعہ سنی علماء کی تقاریر کی ویڈیو فلم بنائی جاتی ہے جس کے بعد قابل اعتراض تقاریر پر قانونی کارروائی کی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تشدد کے واقعات میں ملوث ملزموں کو پکڑا گیا ہے اور ان میں سے متعدد کو فوجی عدالتوں سے سزائیں ملی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں سفارش کلچر کا خاتمہ کیا گیا ہے۔