جنرل زبیر محمود حیات اور جنرل قمر جاوید باجوہ کی وزیراعظم محمد نواز شریف سے الگ، الگ ملاقات

امیدہے نامزدچیئرمین جے سی ایس سی اورآرمی چیف اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد قوم کی توقعات پر پورا اٴْتریں گے،وزیراعظم جنرل زبیرمحمود حیات اور جنرل قمر جاوید باجوہ کا وزیراعظم سے اظہارتشکر

ہفتہ 26 نومبر 2016 23:27

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2016ء) نامزدچیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات اور نامزد چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے وزیراعظم ہائوس میں الگ الگ ملاقات کی۔وزیراعظم محمد نوازشریف نے جنرل زبیر محمود حیات اور جنرل قمر جاوید باجوہ کو ترقی پانے پر مبارکباد دی۔

(جاری ہے)

وزیراعظم ہائوس سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ جنرل زبیر محمود حیات اور جنرل قمر جاوید باجوہ اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد ملک وقوم کی احسن طریقے سے خدمت جاری رکھیں گے اورقوم کی توقعات پر پورا اٴْتریں گے۔جنرل زبیرمحمود حیات اور جنرل قمر جاوید باجوہ نے وزیراعظم کا شکریہ اداکیا اور کہا کہ ریاست پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گی۔