محکمہ صحت میں عصر حاضر سے ہم آہنگ اصلاحات لانا وقت کی عین ضرورت ہے،سیکریٹری صحت نورالحق بلوچ

ہفتہ 26 نومبر 2016 23:26

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2016ء)سیکریٹری صحت نورالحق بلوچ نے کہا ہے کہ محکمہ صحت میں عصر حاضر سے ہم آہنگ اصلاحات لانا اور انہیں عملی جامہ پہنانا وقت کی عین ضرورت ہے ۔ اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات پر پیشرفت جاری ہے۔ یہ بات انہوں نے کوئٹہ میں قائم تمام سرکاری ٹرثری کیئر ہسپتالوں کے منتظمین اعلیٰ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میںایڈیشنل سیکریٹری صحت عبدالرؤف بلوچ، ڈائریکٹر جنرل صحت ڈاکٹر مسعود نوشیروانی، چیف پلاننگ آفیسر غلام رسول زہری، کوئٹہ میں قائم تمام ٹرثری کیئر ہسپتالوں کے منتظمین اعلیٰ اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے اغراض ومقاصد میں کوئٹہ کے تمام بڑے سرکاری ہسپتالوں کی مجموعی کارکردگی، ان کی ہیومن ریسورس کی ضروریات، سیکیورٹی، انتظامی امور اور دیگر مسائل پر تفصیلی غوروخوض کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیکریٹری صحت نورالحق بلوچ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، صوبائی وزیر صحت میررحمت صالح بلوچ اور چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ کی ترجیحات میں صوبے کے غریب عوام کو بہترین صحت کی سہولیات کی فراہمی کو تمام دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے فراہم کرنا بنیادی ترجیحات کا حصہ ہیں۔ اس موقع پر تمام منتظمین نے اپنے ہسپتالوں کے مسائل سے آگاہ کیا ور اپنے ہسپتالوں کی مجموعی کارکردگی پر بریفنگ دی۔

سیکریٹری صحت نے کہا کہ صحت کی صورتحال کو ڈاکٹر حضرات اپنے خلوص نیت سے بہتر بناسکتے ہیں جبکہ اس حوالے سے ڈاکٹرحضرات کے تمام جائز مطالبات کی حمایت اور ان پر پیشرفت ہماری ذمہ داری کا اہم جزو ہے۔ جس کو ہرصورت عملی جامہ پہنایا جائے گا۔ سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال پر سیکریٹری صحت نے تمام ہسپتالوں کے منتظمین کو خصوصی ہدایات دیں کہ وہ سیکیورٹی کے حوالے سے مناسب اقدامات بروئے کار لائیں اور سیکیورٹی کے فل پروف انتظامات کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کریں جس میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب، سیکیورٹی گارڈز اور دیگر آلات کی صحیح انداز میں استعمال نہایت ہی ضروری ہے جبکہ اس حوالے سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

علاوہ ازیں انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت میں سروس اسٹریکچر کو بہتر بنانے کے لئے تمام تجاویز کی حوصلہ افزائی کی جائے گی جبکہ ادویات، مشینری وطبعی آلات کو ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ کے سربراہ سے پوچھنے کے بعد ہی ٹرثری کیئر ہسپتالوں کو خریداری کو تفویض وقت کی عین ضرورت ہے اور اس حوالے سے عملی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں اور عنقریب ہسپتالوں کے منتظمین ایم ایس اپنی ضرورت کے مطابق خریداری کرسکیں گے جو ایک مثبت اور عملی اقدام کا مظہر ہے۔