خواتین پر تشدد کے عالمی دن پرحکومت نے تشدد کے شکار خواتین کے لئے کسی پیکج کا اعلان نہیں کیا،ڈاکٹر نوشین حامد

ہفتہ 26 نومبر 2016 22:42

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 نومبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد کا عالمی دن خاموشی سے گزر گیا لیکن حکومت نے تشدد کا شکار خواتین کے لئے کسی پیکج کا اعلان نہیں کیا ۔ حکومت غفلت کی نیند سور رہی ہے ۔پاکستان میں ہر سال 1 ہزار خواتین غیرت کے نام پر قتل کر دی جاتی ہیں اور ہر سال 10 ہزار سے زائد خواتین گھریلو تشدد سمیت دیگر سنگین جرائم کا شکار ہوتی ہیں 74فیصد کیسز پنجاب میں ہوتے ہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے حکومت اقدامات کرنے کے لئے صرف دعوے کرتی ہے خواتین کے خلاف سنگین جرائم کے ارتکاب میں پڑھا لکھا پنجاب سب سے آگے او رپسماندہ صوبہ بلوچستان سب سے پیچھے ہے۔

(جاری ہے)

سندھ دوسرے جبکہ خیبرپختونخوا تیسرے نمبر پر ہے۔ انہوں نے کہاکہ تشدد کا شکار خواتین انصاف کے لئے دربدر ہیں لیکن حکو مت کچھ نہیں کررہی ۔ 2014 ء سے 2016 ء کے درمیان 3 سالوں میں خواتین کے خلاف سنگین جرائم میں 28فیصد اضافہ ہوا جو لمحہ فکریہ ہے۔انہوں نے کہا کہ خواتین کو تعلیم، روزگار کی فراہمی کے حوالے سے تعصب برقرار ہے۔ ناخواندہ آبادی میں 59 فیصد خواتین ہیں۔ مرکزی و صوبائی حکومتیں خواتین کی فلاح و بہبود کے ضمن میں صرف زبانی جمع خرچ سے کام لیتی ہیں

متعلقہ عنوان :