بھارت نے ہمارے دریائوں کا پانی روکا تو اسے اعلان جنگ سمجھا جائے گا

نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کی جانب سے بھارت کی مذمت

ہفتہ 26 نومبر 2016 22:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 نومبر2016ء) بھارت نے ہمارے دریائوں کا پانی روک کر پاکستان کو ریگستان بنانے کی کوشش کی تو پاکستان کی جانب سے اسے اعلان جنگ سمجھا جائے گا۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزادی نے بھارت کے انتہا پسند ہندوئوں کے نمائندہ وزیراعظم نریندرا مودی کو ہذیانی کیفیت میں مبتلا کر دیا ہے اور وہ پاکستان کے خلاف بڑھک بازی کے ذریعے عالمی برادری کی توجہ مسئلہ کشمیر سے ہٹانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے۔

پاکستان کو اُجاڑنے کا خواب دیکھنے کی بجائے بھارتی قیادت اپنے گریبان میں جھانکے جہاں درجنوں علیحدگی پسند تحریکیں روز بروز طاقتور ہو رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوان کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں منعقدہ ایک خصوصی اجلاس کے شرکاء نے بھارت کی مذمت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کی صدارت تحریک پاکستان کے مخلص کارکن‘ سابق صدر مملکت اور نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے چیئرمین محترم محمد رفیق تارڑ نے کی۔

اجلاس میں تحریک پاکستان ورکرز ٹرسٹ کے چیئرمین چیف جسٹس(ر) میاں محبوب احمد‘ نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد‘ جسٹس(ر) خلیل الرحمن خان‘ نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے چیف کوآرڈی نیٹر میاں فارو ق الطاف اور سیکرٹری شاہد رشید نے شرکت کی ۔ اجلاس کے شرکاء نے بھارتی وزیراعظم کے اس بیان کی پر زور مذمت کی جس میں اس نے پاکستان کی طرف بہنے والے دریائوں کے پانی کی ایک ایک بوند روک کر اسے اجاڑ دینے کی کھلی دھمکی دی ہے۔

اجلاس کے شرکاء نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پانی کی تقسیم کے ’’سندھ طاس معاہدہ‘‘ کا ضامن عالمی بنک ہے اور بھارت اس معاہدے پر یکطرفہ نظرثانی یا اسے منسوخ کرنے کا اختیار نہیں رکھتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے آزاد وجود کو دل سے کبھی تسلیم نہیں کیا اور وہ اسے عدم استحکام کا شکار کرنے کیلئے مسلسل کوشاں ہے۔ وہ بذات خود دہشت گردی کو پاکستان کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے مگر دنیا کے آگے پاکستان کو دہشت گردی کا سرچشمہ ثابت کرنے کیلئے بے بنیاد اور جھوٹا پراپیگنڈہ کررہا ہے۔

ساری دنیا جانتی ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج‘قانون نافذ کرنے والے اداروں اور عوام نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے پناہ قربانیاں پیش کی ہیں اور یہ سلسلہ ہنوز جاری ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے اندر دہشت گردی کے ہر بڑے واقعہ کے پس پردہ بھارتی ہاتھ کارفرما ہوتا ہے۔ حکومت پاکستان نے عزم صمیم کیا ہوا ہے کہ دہشت گردی کے عفریت کو جڑ سے اکھاڑے بغیر چین سے نہ بیٹھیں گے۔

ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کی کمر توڑی جا چکی ہے اور اب وہ سافٹ ٹارگٹس کو نشانہ بناکر پاکستانی عوام کو خوفزدہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں لیکن انہیں یادرکھنا چاہیے کہ ہم پاکستان کی بقاء کی خاطر بھارت کے خلاف کسی بھی حد تک جانے کیلئے تیار بیٹھے ہیں۔بیان میں حکومت پاکستان پر زور دیا گیا ہے کہ انڈس واٹر کمیشن کے ذریعے اس مسئلے کو فوری طور پر بین الاقوامی سطح پر اٹھائے۔

شرکاء نے مقبوضہ کشمیر کے نہتے عوام پر بھارتی فوج کے جبر و تشدد کی بھر پور مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی ان سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بھارتی فوج کی جانب سے پیلٹ گن کے اندھا دھند استعمال کے باعث سینکڑوں کشمیری بینائی سے محروم ہو چکے ہیں جن میں کم سن بچے بھی شامل ہیں۔پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی بھر پور وکالت کی ہے اور ان شاء اللہ مقبوضہ وادی میں کشمیری عوام کی قربانیوں کی بدولت آزادی کاسورج جلد طلوع ہوگا۔

متعلقہ عنوان :