ساہیوال میں دہشت گردی ، فوج حکومت کے لئے پیٖغام ہے، علامہ سبطین سبزواری

ملت جعفریہ تین دہائیوں سے لاشیں اٹھار ہی ہے، خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے شہادت ہمارے لئے سعادت ہے ، سوال ہے حکومت اور ریاست کے کردار کا ہے، سینیر صحافی خالد محمود بٹ کی نماز جنازہ پر خطاب

ہفتہ 26 نومبر 2016 22:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 نومبر2016ء) شیعہ علماکونسل پنجاب کے صدر علامہ سبطین حیدر سبزواری نے ساہیوال میں سینیر صحافی خالد محمود بٹ کی دہشت گردی کے واقعہ میں شہادت اور ان کے بیٹے مرکزی سیکرٹری اطلاعات جعفریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان علی رضا بٹ کو شدید زخمی کرنے کی مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ واقعہ ملکی امن خراب کرنے کی ساز ش ، جنرل راحیل شریف کی ریٹائرمنٹ کے وقت فوج اور حکومت کے لئے پیغام ہے۔

ملت جعفریہ تین دہائیوں سے لاشیں اٹھار ہی ہے۔ خاموشی کو کمزوری نہ سمجھا جائے۔ وہ شہید خالد محمود بٹ کی نماز جنازہ پڑھانے کے بعد خطاب کررہے تھے۔ جس سے وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے سیکرٹری جنرل علامہ محمد افضل حیدری، شیعہ علما کونسل کے صوبائی نائب صدر ساجد حسین نقوی ، اہل سنت علما نے بھی خطاب کیا اور شہید کے خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے واضح کیا کہ دہشت گرد ایک بار پھر ملکی امن خراب کرنے کے لئے متحرک ہوگئے ہیں۔

(جاری ہے)

علامہ سبطین سبزواری نے کہا کہ ملت جعفریہ نے پورے ملک میں جنازے اٹھائے ہیں، کبھی قانون کو ہاتھ میں نہیں لیا۔ خالد محمود بٹ کاجنازہ پہلا نہیں ایک وقت میں ہم نے سینکڑوں جنازے اٹھائے ہیں۔ مکتب اہل بیت کو بادشاہتیں ختم نہ کرسکیں۔ شہادت ہمارے لئے سعادت ہے ، مگر سوال حکومت اور ریاست سے ہے کہ عوام کے تحفظ میں ان کا کردار کہا ں ہی ۔انہوں نے شہید خالد محمود بٹ کے قاتلوں کی فی الفور گرفتاری اور سازش کو بے نقاب کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے زخمی علی رضا بٹ کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی۔

واضح رہے کہ خالد محمود بٹ اپنے بیٹے علی رضا بٹ کے ہمراہ موٹر سائیکل پر سوار تھے کہ تکفیری دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس سے باپ موقع پر جاں بحق ہوگئے اور علی رضا بٹ لاہور میں زیر علاج ہیں۔

متعلقہ عنوان :