لاہور، متحرک اور بہادر نوجوان نسل کی صورت وطن کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے، ملک محمد رفیق

چیلنجز کا مقابلہ صرف اور صرف حصول تعلیم سے ہی کیا جاسکتا ہے،گورنر پنجاب کا ایف سی کالج کے سالانہ کانوکیشن کے موقع پر طلباء و طلبات سے خطاب

ہفتہ 26 نومبر 2016 22:29

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 نومبر2016ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی متحرک اور بہادر نوجوان نسل دیکھ کر یہ کہا جا سکتا ہے کہ ہمارے وطن کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے ۔ پاکستانی قوم بالخصوص نوجوان نسل پاکستان کو اس مقام پر لے کر جا سکتے ہیں جس کا خواب اور تصور علامہ اقبالؒ اور قائد اعظم محمد علی جناحؒ نے دیکھا تھا۔

دُنیا کے بڑے بڑے چیلنجز کا مقابلہ صرف اور صرف حصول تعلیم سے ہی کیا جاسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایف سی کالج لاہور کے سالانہ کانوکیشن کے موقع پر طلباء و طلبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں کالج کے ریکٹر ڈاکٹر جیمز اے تب(Dr. James A. Tebnbe) کے علاوہ فکلیٹی ممبران، طلبا و طالبات اور والدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ دُنیا کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں ایک ہی صورت ہم کھڑے ہوسکتے ہیں اگر ہم تعلیم کے میدان کو فتح کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت وزیر اعظم محمد نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی قیادت میں اس بات کا تہیہ کئے ہوئے ہے کہ تعلیم کے شعبے کو سرفہرست رکھنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور صوبے میں ایجوکیشن کے لئے فنڈز میں قابل ذکر حد تک اضافہ کیا گیا ہے جبکہ ذہیںطلبا و طالبات کو میرٹ کی بنیاد پر سکالر شپ اور لیپ ٹاپ مہیا کئے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے تعلیمی درسگاہوں سے تعلیم کے ساتھ ساتھ ایک تہذیب یافتہ نسل بھی پیدا کرنی ہے۔گورنر پنجاب نے تعلیم مکمل کرنے والے طلبا و طالبات کو مبارکباد دیتے ہوئے نصیحت کی کہ مستقبل میں معاشرے میں اپنا بھر پور کردار اداکرتے ہوئے ملک و قوم کا نام روشن کریں۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے طلبا و طالبات میں میڈلز تقسیم کئے۔ گورنر پنجاب کو ادارے کی جانب سے شیلڈ بھی دی گئی۔قبل ازیں کالج کے ریکٹر ڈاکٹر جیمز اے تب(Dr. James A. Tebnbe) نے ادارے کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی روشنی ڈالی۔