جماعت اہلسنّت کے زیر اہتمام ’’ یوم امام احمد رضا ‘‘ منایا گیا

ہفتہ 26 نومبر 2016 22:09

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 نومبر2016ء)جماعت اہلسنّت پاکستان کے زیر اہتمام امام احمد رضا خاں بریلوی ؒ کے یوم وفات کے موقع پر ملک بھر میں ’’یوم رضا ‘‘ منایا گیا اور مختلف شہروں میں امام بریلوی کی دینی ، تصنیفی او ر ملی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کیلئے اجتماعات منعقد کئے گئے۔ اس موقع پر جماعت اہلسنّت کے مرکزی ناظم اعلی علامہ سید ریاض حسین شاہ نے ادارہ تعلیمات اسلامیہ میں امام احمد رضا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام احمد رضا دو قومی نظریہ کے حقیقی بانی ہیں۔

(جاری ہے)

امام بریلوی نے پچاس علوم پر ایک ہزار کتب تحریر کیں۔ صاحبزادہ سید مظہر سعید کاظمی نے ملتان میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بد عقیدگی کے خاتمے کیلئے فکر رضا کو اپنانے کی ضرورت ہے۔ علامہ اقبال نے امام احمد رضا کو اپنے دور کا امام ابو حنیفہ قرار دیا تھا۔ علامہ شاہ عبد الحق قادری نے کراچی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام بریلوی نے 1912ء میں بلا سود بینکاری کا تصور پیش کیا تھا۔ امام محمد رضا کے ترجمعہ قر آن کنز الایمان کا حرف حرف عشق رسول میں ڈوبا ہو ا ہے۔ مفتی فضل جمیل رضوی نے پشاور میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امام احمد رضا کے پیر وکار پاکستان کو نظام مصطفی کا گہوارہ بناکر دم لیں گے۔