خیبرپختونخوا حکومت تعلیمی نظام کو موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے پرتوجہ دے رہی ہیں،پرویزخٹک

صوبے کے تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے قابل عمل اصلاحات کی گئی ہیں،حکومت صوبے کے نظام تعلیم کو نئے خطوط پر استوار کر رہی ہے جس کا مقصد تعلیمی اداروں کو اس قابل بنانا ہے ،وزیراعلی خیبرپختونخوا

ہفتہ 26 نومبر 2016 21:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخو اپرویز خٹک نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں زندگی کے ہرشعبہ کو گوناں گوں چیلنجز اور حالات کا سامنا ہے جن کا مقابلہ کرنے کیلئے اجتماعی انسانی کاوشوں کی ضرورت ہے۔ یہی وجہ ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت تعلیمی نظام کو موجودہ دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے اور تعلیمی نظام کے مقاصد کے حصول پر بھر پور توجہ دے رہی ہے۔

صوبے کے تعلیمی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے قابل عمل اصلاحات کی گئی ہیں۔وہ ایبٹ آباد پبلک سکول میںسالانہ یوم والدین اور تقسیم انعامات کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ صوبائی کابینہ کے اراکین حاجی قلندر خان لودھی، عبدالحق، ایم این اے ڈاکٹر اظہر جدون ، ایم پی اے و چیئرمین ڈیڈک ایبٹ آباد سردار محمد ادریس ، نامور شخصیات ، فیکلٹی ممبران اور والدین اور طلباء و طالبات کی کثیر تعداد نے تقریب میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

سکول کے پرنسپل بریگیڈئر ریٹائرڈ جاوید احمد نے سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے ادارے کی کارکردگی ، سرگرمیوں ، کارناموں اور مستقبل کے پلان پر روشنی ڈالی ۔ تقریب میں طلباء و طالبات نے مختلف نوعیت کے انتہائی دلچسپ اور رنگارنگ پروگرام پیش کئے جنہیں مہمان خصوصی اور حاضرین نے بے حد سراہا۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت صوبے کے نظام تعلیم کو نئے خطوط پر استوار کر رہی ہے جس کا مقصد تعلیمی اداروں کو اس قابل بنانا ہے کہ وہ ایسے طلباء پیدا کریں جو معاشرے میں برائیوں کے خلاف لڑ سکیں۔

خصوصی طور پر انتہا ء پسندی اور غلط رجحانات کامقابلہ کرنے کے قابل ہو سکیں۔انہوںنے کہاکہ یہ ساری باتیں اس امر کا تقاضاکرتی ہیں کہ طلباء کو تنگ ذہنی سے نکالا جائے اور آزادانہ طور پر سوچنے سمجھنے کیلئے اُن کے ویژن میں پختگی لائی جائے ۔ اس طریقے سے طلباء وقوع پذیر ہونے والے مختلف واقعات کا بامقصد تجزیہ کرنے کے قابل ہوں گے اور وہ ملک کی خوشحالی اور ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں گے۔

انہوںنے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ طلباء کی رہنمائی کیلئے اپنا کردار اداکریںاور طلباء کوبغیر کسی تعصب اور بد گمانی کے زندگی کے حقائق اور پس منظر سے آگاہ کریں۔وزیراعلیٰ نے کہاکہ ایک اچھے طالب علم کی خوبی یہ ہے کہ وہ اپنی تعلیم کے ساتھ انتہائی مخلص ، ایماندار اور راست بازہوتا ہے۔انہوںنے کہاکہ طلباء کو معیاری تعلیم ، آداب ، اخلاقیات ، قائدانہ اوصاف اور بہترین کردار سے مزین کرنا وقت کی اشد ضرورت ہے۔

انہوںنے کہاکہ آج کے اُستاد کی ذمہ داری ہے کہ وہ نو عمر نفوس کو متحرک نوجوان اور بہترین شہری میں تبدیل کریںاور ایک مکمل اور باکردار شخصیت بنائیں۔پرویز خٹک نے کامیابیوں کے ذریعے شہرت حاصل کرنے پر سکول کو سراہااور کہاکہ سکول کی کارکردگی سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ بہترین انفراسٹرکچر اور انتہائی قابل سٹاف پر مشتمل ہے۔انہوںنے کہاکہ پی ایم اے ، دیگر ملٹری اکیڈمیوں ، میڈیکل اور انجینئرنگ کالجوں میں ایبٹ آباد پبلک سکول کے طلباء کی کثیر تعداد کا موجود ہونا انتہائی خوش آئندہے اور یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ ان تمام اداروں کے لئے یہ سکول ایک نرسری کا درجہ رکھتا ہے۔

-" اس سکول میں پڑھنے والے طالب علم خوش قسمت ہیں کہ اُنہیں اس قسم کے نامور اور معیاری سکول سے وابستہ ہونے کا موقع ملا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ہمارا عزم ہے کہ اپنے تعلیمی نظام کو ایبٹ آباد پبلک سکول کا آئینہ دار بنائیں۔ انہوںنے مزید کہاکہ تعلیم ہمیں برداشت، ہمدردی ، محبت اور انسانیت سکھاتی ہے۔لہٰذا طلباء کو چاہیئے کہ وہ اس جذبے کو حاصل کریں اور اپنے کارناموں اور کردار کے ذریعے اس کا اظہار کریں ۔

وزیراعلیٰ نے امتیازی اسناد ، انعامات اور میڈلز حاصل کرنے والے طلباء کو مبارکباد دی ۔وزیراعلیٰ نے اُمید ظاہر کی کہ ہم سب اپنی ذمہ داریوں کو محسوس کریں گے اور ملک کی بہتری کیلئے کاوشیں جاری رکھیں گے اور سکول کے موٹو" کردار قسمت ہی" کوزندہ رکھنے کیلئے سخت محنت کریں گے ۔پرنسپل کی طرف سے پیش کئے گئے مطالبات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے آڈیٹوریم کی تعمیر کی منظوری دی جس میں ورزش گاہ ، سکواش کورٹ، ان ڈور گیمز اور سٹاف کلب کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔وزیراعلیٰ نے دو ہاسٹلز کی تعمیر ، تین بسوں کی تبدیلی، سٹاف کی رہائش گاہوں کی مرمت ، دو نئے رہائش گاہوں ، سوئمنگ پول کی تعمیر اور سٹاف کیلئے ایک ماہ کی بونس تنخواہ کی بھی منظوری دی ۔

متعلقہ عنوان :