کراچی پورٹ ٹرسٹ کے نجی آئل ٹرمینل کے ٹینک میں آتشزدگی،2افراد جاں بحق

ہفتہ 26 نومبر 2016 21:09

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 نومبر2016ء) کراچی پورٹ ٹرسٹ کے نجی آئل ٹرمینل کے ٹینک میں آتشزدگی کے نتیجے میں2افراد جاں بحق ہو گئے،آگ کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے 9 فائر ٹینڈرز اور ایک اسنارکل نے آگ بجھانے میں حصہ لیا ۔تفصیلات کے مطابق ہفتے کے روز کیماڑی کے آئل ٹرمینل ون میں آئل ٹینک میں گیس بھرجانے کے باعث دھماکہ ہونے سے آگ لگ گئی تھی جس کے نتیجے میں ٹینکر میں آگ لگ گئی تھی ۔

کے پی ٹی ذرائع کے مطابق آگ کیمیکل پی ایچ آئی ٹرمینل کے اسٹوریج ٹینک میں لگی جس میتھانول ٹینک میں آگ لگی وہاں لوگ موجود تھے جہاں سے اب تک 2 افراد کی لاش ملی ہے جن کی لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ ایک شخص لاپتاہے۔کے پی ٹی فائر چیف کے مطابق کیماڑی آئل ٹرمینل میں ایک ہزار ٹن فیول سے بھرے ٹینک میں آگ لگی ، آئل ڈپو میں آگ بجھانے میں کئی گاڑیوں نے حصہ لیا جن میں کے پی ٹی اور کے ایم سی کی گاڑیاں بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

سعید جدون کے مطابق آگ بجھانے کے لئے کیمیکل اور فوم استعمال کیا گیا۔واقعے کے بعد کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چاروں آئل ٹرمینلز پر تیل کی ترسیل ہنگامی طور پر روک دی گئی تھی۔پورٹ ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت بندرگار پر 3 جہاز موجود تھے، جہازوں سے اسٹوریج تک تیل لے جانے والی پائپ لائن بند کردی گئی، حادثے کے وقت 17 سو ٹن کیمیکل اسٹوریج میں موجود تھا۔واضح رہے کہ کیماڑی آئل ٹرمینل میں ایک ہفتے میں آگ لگنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

متعلقہ عنوان :