عطائی ڈاکٹروں، جعلی ادویات ، بغیر لائسنس ادویات کی فروخت کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف بے رحمانہ ایکشن لیا جائے ، ڈی سی او کی ہدایت

ہفتہ 26 نومبر 2016 20:35

گجرات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 نومبر2016ء) ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے ہدایت کی ہے کہ عطائی ڈاکٹروں، جعلی ادویات ، بغیر لائسنس ادویات کی فروخت کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف بے رحمانہ ایکشن لیا جائے ، ضلع میں بہترین طبی سہولیات کی موجودگی میں کسی بھی عطائی ڈاکٹر کو شہریوں کی صحت اور جان و مال سے کھیلنے کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں قائم مقام ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر محمد علی مفتی ، ڈرگ انسپکٹرز احسان چیمہ ، جاوید اقبال ، سیکرٹری محمد وسیم و دیگر ممبران نے شرکت کی ۔

ڈسٹرکٹ کوالٹی کنٹرول بورڈ کے اجلاس میں مجموعی طور پر 17کیسز کی سماعت کی گئی اور ان میں سے 5کیسز پراسیکوشن کیلئے ڈرگ کورٹ کوبھجوانے کی سفارش کی گئی ، 6عطائیوں اور جعلی ادویات ، بغیر لائسنس ادویات فروخت کرنے والے میڈیکل سٹورز ڈی سیل کرنے کی درخواستیں مسترد کر دی گئیں ۔

(جاری ہے)

کمیٹی نے بغیر لائسنس ادویات فروخت کرنے والے ایک میڈیکل سٹور مالک کی طرف سے حال ہی میں حاصل کیا گیا لائسنس معطل کر دیا جبکہ غیر قانونی ایڈوائرٹازمنٹ کرنے والے عطائی ڈاکٹر کا کیس دوبارہ تحقیقات کیلئے ڈرگ انسپکٹر کو بھجوا دیا گیا ۔

ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ نے کہا کہ ماضی میں جلالپور جٹاں میں عطائی ڈاکٹروں کی وجہ سے بڑی تعداد میں شہری ایڈز کے مرض کا شکار ہوئے ہیں ڈرگ انسپکٹرز مستقبل میں جلالپور جٹاں پر خصوصی فوکس رکھیں ۔ انہوںنے کہا کہ ضلع گجرات میں اس وقت ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے ساتھ چار ٹی ایچ کیو ہسپتال ، جلالپور جٹاں میں سول ہسپتال ، متعدد آر ایچ سی اور 90بنیادی مراکز صحت کام کر رہے ہیں جہاں کوالیفائڈ ڈاکٹر ز اور عملہ بھی تعینات ہے ان حالات میں ضلع میں کسی عطائی ڈاکٹر کی موجودگی کا کوئی جواز نہیں بنتا ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ ڈرگ انسپکٹر جعلی ، زائد العیاد اور غیر رجسٹرڈ کمپنیوں کی ادویات فروخت کرنے والوں پر کڑی نظر رکھیں اور ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت ایکشن لیا جائے ۔

متعلقہ عنوان :