نئے امکانات کی تلاش کیلئے محنت، لگن اور احساس ذمہ داری کے ساتھ نوجوان آگے بڑھیں،صدر ممنون حسین

ملک کی باگ دوڑ نوجوانوں کے ہاتھ میںہے،پاکستان میں اب اللہ کے فضل وکرم سے سی پیک اوردیگر پراجیکٹس کے ذریعہ ترقی کی نئی راہیں کھلنا شروع ہوچکی ہیں،رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے گیارہویں جلسہ تقسیم اسناد کے موقع پر خطاب

ہفتہ 26 نومبر 2016 20:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 نومبر2016ء) :صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان ممنون حسین نے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے گیارہویں جلسہ تقسیم اسناد کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نئے امکانات کی تلاش کیلئے محنت، لگن اور احساس ذمہ داری کے ساتھ نوجوان آگے بڑھیں۔انہوںنے کہا کہملک کی باگ دوڑ نوجوانوں کے ہاتھ میںہے۔پاکستان میں اب اللہ کے فضل وکرم سے سی پیک اوردیگر پراجیکٹس کے ذریعہ ترقی کی نئی راہیں کھلنا شروع ہوچکی ہیں اس بناپرتمام گریجویٹس نئے امکانات کی قدر کریں۔

انہوں نے کہا کہ دوست ملک چین نے تھوڑے ہی عرصہ میںمعجزاتی ترقی کی ہے ہمیںچاہئے کہ ہم دوستوں کے طرز زندگی سے سبق سیکھیں اورایمانداری اور ذمہ داری کے ساتھ اعتدال کی راہ اپناتے ہوئے کام کریں تاکہ ملک جلد سے جلد ترقی کی منازل طے کرسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ لگن اورمحنت کے ساتھ اپنی منزلیں طے کرتے ہوئے ملک کی تعمیر وترقی میں اپنا کردار ادا کریں،اس ملک کی باگ دوڑ نوجوانوں نے ہی سنبھالنی ہے۔

انہوںنے کہاکہ رفاہ یونیورسٹی کا کردار قابل تعریف ہے اوریہ امر خوش آئند ہے کہ ہائرایجوکیشن کمیشن کی درجہ بندی میں رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی ملک بھر کی نجی جامعات میں دوسرے نمبر پر آئی ہے۔ یہ جامعہ سے تعلق رکھنے والے ہر فرد کے لیے باعثِ فخر ہے۔ مجھے یقین ہے کہ اس ادارے کے اساتذہ کرام اورانتظامی شعبہ جات سے وابستہ افراد اپنایہ معیار نہ صرف برقرار رکھیں گے بلکہ اسے مزید بہتر بنانے کے لیے کوشاں رہیں گے۔

میری دعا ہے کہ اللہ تعالی اس جامعہ کے وسیلے سے وطنِ عزیز کو وہ افرادی قوت فراہم کرئے جو اس کے روشن مستقبل میں مددگار ہو۔اس موقع پر میں رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے بانی چانسلر مرحوم میجر جنرل ڈاکٹر ذوالفقارعلی خان کے لیے بھی دعاگوہوں کہ انھوں نے امتِ مسلمہ اور انسانیت کے لیے جو بے لوث خدمات انجام دی ہیں اللہ انھیں قبول فرمائے۔اللہ تعالی ہم سب کو اپنی حفظ وامان میں رکھے، آمین۔

متعلقہ عنوان :