عدالت عالیہ لاہور کی ایک سو پچاس سالہ تقریبات

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ نے عدالت عالیہ لاہور کی یادگاری ٹکٹ اور تاریخی میوزیم کا افتتاح کردیا

ہفتہ 26 نومبر 2016 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 نومبر2016ء) چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے عدالت عالیہ لاہو رکی ایک سو پچاس سالہ تقریبات کے حوالے سے عدالت عالیہ کی یادگاری ٹکٹ رونمائی کی اور تاریخی میوزیم کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر عدالت عالیہ کے سینئر ترین جج مسٹر جسٹس شاہد حمید ڈار سمیت دیگر فاضل جج صاحبان، سپریم کورٹ بار ایسو سی ایشن کے صدر علی ظفر اور وکلاء کی بڑی تعداد تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر فاضل چیف جسٹس کا کہناتھا کہ عدالت عالیہ لاہور کی ایک سو پچاس سالہ تقریبات صرف ججز کی نہیں ہیں بلکہ یہ وکلاء، ضلعی عدلیہ، سٹاف اور صوبے کی عوام کی تقریبات ہیں، فاضل چیف جسٹس نے میوزیم کے قیام اور یادگاری ٹکٹ کے اجراء پر عدالت عالیہ لاہو ر کے جسٹس محمد انوارالحق، جسٹس محمد فرخ عرفان خان، جسٹس سید شہباز رضوی اور جسٹس ارم سجاد گل سمیت لاہور میوزیم کی ڈائریکٹر نوشابہ اور انکی ٹیم اور پوسٹ ماسٹر جنرل پنجاب اور انکی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا، فاضل چیف جسٹس نے ٹکٹ کے اجراء میں اٹارنی جنرل آف پاکستان کی کاوشوں کو بھی سراہا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر جسٹس محمد انوار الحق نے کہا کہ لاہور ہائی کورٹ میوزیم انکا ادھورا خواب تھا ، انہوں نے کہا کہ انڈیا میں چندی گڑھ ہائی کورٹ میں اسی طرز کا میوزیم قائم ہے، فاضل جج نے کہا کہ میوزیم کا قیام ایک تاریخی عمل ہے اور آج اس عمل کا آغاذ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے عدالت عالیہ کی تاریخی اشیاء کو اکٹھا کرنے کیلئے کباڑخانے تک تلاش کئے، فاضل جج نے کہا کہ میڈیا کی وساطت سے وہ یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ جن لوگوں کے پاس عدالت عالیہ لاہور کی تاریخی اشیاء موجود ہیں وہ عدالت عالیہ سے تعاون کریں تا کہ تاریخی ورثہ کو محفوظ کیا جاسکے۔

تقریب سے مسٹر جسٹس محمد فرخ عرفان خان اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میوزیم کا قیام ایک مشکل مرحلہ تھا تاہم لاہور میوزیم کی انتظامیہ کی شبانہ روز کوششوں کے سبب اس ناممکن کام کو محض ڈیڑھ ماہ میں ممکن بنایا گیا۔افتتاحی تقریب سے لاہور میوزیم کی ریسرچ آفیسر عفت عظیم اور پوسٹ ماسٹر جنرل پنجاب اسلم خان نیازی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔فاضل چیف جسٹس نے شرکاء کے ہمراہ لاہور ہائی کورٹ میوزیم کا دورہ بھی کہا جہاں عفت عظیم نے تمام شرکاء کو میوزیم کے حوالے سے بریفنگ دی

متعلقہ عنوان :