انفراسٹرکچر کی ترقی اور اس کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مالیاتی ادارے سندھ حکومت کا ساتھ دیں، وزیراعلیٰ سندھ

ہفتہ 26 نومبر 2016 19:03

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2016ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کراچی صنعت و تجارت اور آبادی کے لحاظ سے ملک کا اہم ترین شہر ہے لہذا اس کے انفراسٹرکچر کی ترقی اور اس کی مستقبل کی ضرروریات کو پورا کرنے کے لئے مالیاتی ادارے سندھ حکومت کا ساتھ دینے کے لئے آگے بڑھیں۔ ہفتہ کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق یہ بات انہوں نے حبیب بینک لمیٹیڈ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وفد کی قیادت چئیرمین سلطان الانا کر رہے تھے۔ وفد میں صدر نعمان ڈار اور کارپوریٹ بینکنگ کے ہیڈ عامر ارشد، صوبائی سیکریٹری خزانہ حسن نقوی اور وزیراعلیٰ سندھ کے اسپیشل سیکریٹری رحیم شیخ اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ان کا یہ منصوبہ ہے کہ ملیر ایکسپریس وے تعمیر کی جائے اگر نادرن بائی پاس لنک روڈ اور ملیر ایکسپریس وے کو باہم منسلک کردیا جائے تو یہ بھاری صنعتی اور لائٹ ٹریفک کے لئے رنگ روڈ ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اس منصوبے کے علاوہ پبلک پرائیوٹ پارٹنر شپ )پی پی پی)موڈ کے تحت اس منصوبے کے ساتھ ساتھ دیگر منصوبے بھی شروع کرنے کی خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپ کا ادارہ مالی طور پر مستحکم ادارہ ہے اور مجھے خوشی ہوگی کہ آپ سندھ حکومت کے ساتھ شراکت داری کے لئے آگے آئیں۔ چئیرمین ایچ بی ایل سلطان الانا نے کہا کہ انہیں شہر کی ترقی میں شریک ہو کر خوشی ہوگی، ہم آپ کے ساتھ کام کرنے کے لئے تیار ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ اور چئیرمین ایچ بی ایل نے حبیب بینک لمیٹڈ اور سندھ حکومت کے سینئر افسران پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی جو مل کر کام کرنے کے حوالے سے منصوبہ بندی کریں گے۔ سلطان الانا نے وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ وہ انفرااسٹرکچر کی ترقی اور دیگر منصوبو ںکے لئے سندھ حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں گے۔

متعلقہ عنوان :