شہداد پور، مختلف واقعات میں ایک 7 سالہ بچی چھت سے گر کر جاں بحق

ہفتہ 26 نومبر 2016 19:03

شہدادپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2016ء) مختلف واقعات میں ایک 7 ۔ سالہ بچی چھت سے گرنے کی وجہ سے جاں بحق ،تیز رفتار موٹر سائیکل اور چنگ چی رکشہ کی دو الگ الگ زوردار ٹکر سے دو طالبعلموں سمیت 8 ۔ افرادشدید زخمی ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق شہدادپو ر کے قریب گائوں گیدڑ آپن میں گھر کی چھت سے گرنے کی وجہ سے ایک 7 ۔ سالہ بچی صدوری بنت منٹھار آپن شدید زخمی ہو گئی جسے فوری طور پر سمس اسپتال شہدادپور لایا گیا جہاں پہنچ کر بچی نے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ دیا ۔

ڈاکٹروں کی جانب سے موت کی تصدیق کے بعد اہل خانہ بچی کی لاش گائوں لے گئے ۔دوسرے ایک اور واقعہ میں شہدادپور کے پولیس ٹریننگ کالج کے قریب ایک تیز رفتار موٹر سائیکل سامنے سے آنے والے چنگ چی رکشہ سے ٹکرا گئی ۔

(جاری ہے)

جس کی وجہ سے قریبی گائوں شیرخان لغاری سے شہر کے اسکول میں جانیوالے 2 ۔طالبعلم سمیت 4 ۔افراد شدید زخمی ہو گئے ۔ ان میں سے میٹرک کلاس کے حاجی خان لغاری ولد امداد لغاری اور آٹھویں کلاس کے پرکاش ولد دودو مینگواڑ کی ٹانگ ٹوٹ گئی ۔

زخمی طالبعلموں کو قریبی دوکانداروں اور پولیس اہلکاروں نے سمس اسپتال شہدادپور پہنچایا ۔اسی طرح ایک اور واقعہ میں بیرانی روڈ پر آمنے سامنے سے آنے والی تیز رفتار چنگ چی اور موٹر سائیکل میں ٹکر ہو گئی جس کی وجہ سی7 ۔ سالہ زاہدہ ، 15 ۔ سالہ ساجد ، 16 ۔ سالہ عبدالعلیم اور 25 ۔ سالہ عبدالستار تھہیم شدید زخمی ہو گئے ۔ جنھیں فوری طور پر سمس اسپتال لایا گیا ۔دو زخمیوں کو نازک حالت میں حیدرآباد اسپتال منتقل کر دیا گیا ۔

متعلقہ عنوان :