بھارت خواہ کتنے ہی مظالم ڈھالے، کشمیریوں کو زیادہ عرصے تک اپنے تسلط میں نہیں رکھ سکتا ،سید صلاح الدین

�توبر 1947سے مقبوضہ کشمیر پر بھارت نے تسلط جمایا ہوا ہے اور عوام غاصب افواج سے پنجہ آزمائی کررہے ہیں ،سپریم کمانڈر حزب المجاہدین

ہفتہ 26 نومبر 2016 19:03

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2016ء) کشمیر کے حریت رہنما اور حزب المجاہدین کے کمانڈر سید صلاح الدین نے کہا کہ بھارت خواہ کتنے ہی مظالم ڈھالے، کشمیریوں کو زیادہ عرصے تک اپنے تسلط میں نہیں رکھ سکتا ۔ 27اکتوبر 1947سے مقبوضہ کشمیر پر بھارت نے تسلط جمایا ہوا ہے اور عوام غاصب افواج سے پنجہ آزمائی کررہے ہیں ۔ کشمیریوں کا واحد مطالبہ ہے کہ ہمیں حق خود ارادیت دیاجائے ۔

عالمی برادری ،اقوام متحدہ خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے اور کشمیریوں کے ان کے جائز حق سے محروم رکھا گیا ہے ۔ کشمیری عوام بھارت کی غلامی قبول کرنے کے بجائے پاکستان سے الحاق چاہتے ہیں اور کشمیریوں کے دل پاکستان کے ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ 14اگست کو یوم سیاہ بناتے ہیں۔ برہان مظفر وانی کی حالیہ شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں جذبہ آزادی اور شوق شہادت کی نئی اور توانا لہر پیدا ہوئی ہے اور مسلسل کرفیو کے باوجود کشمیری سراپا احتجاج ہیں ۔

(جاری ہے)

کشمیرعوام اپنا حق لے کر رہیں گے ۔ پاکستان کے حکمرانوں کو مسئلہ کشمیر پر جرات مندانہ اور دو ٹوک موقف اختیار کرنا چاہیے ۔ سید صلاح الدین نے کہا کہ ہم غزوہ ہند کی کامیابی کے لیے پرامید ہیں ،غزوہ ہند کے نتیجے میں ہی جنت ارض کشمیر غلامی سے نجات حاصل کرے گا اور آزادی کا سورج طلوع ہوگا ۔علماء کونسل کے صدر مولانا ظفر آزاد نے برما میں اراکان مسلمانوں پر ڈھائے جانے والے مظالم او ربدھسٹ حکمرانوں اور افواج کی حالیہ کاروائیوں کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کیا اور کہا کہ قبل ازیں کنونشن کے سے پہلے امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی اور امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کیا جبکہ نائب امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے اقامت دین پر مطالعہ حدیث ، نظام الدین میمن نے درس قرآن اور مولانا عطاء اللہ رؤف نے سنت رسولؐ ہی عروج کا راستہ ہے کے موضوع پر تقریر کی۔

ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ آج سندھ بھر کے ہزاروں مرد وخواتین نے مزار قائد کے پہلو میں جمع ہوکر اتحاد و یکجہتی کا ثبو ت دیا ہے اور یہ پیغام دیا ہے کہ جماعت اسلامی ہی سند ھ کے عوام کو نفرت اور دوریوں ، مایوسیوں اور مسائل سے نجات دلاسکتی ہے ۔ جماعت اسلامی تعصبات سے بالاتر ہوکر عوا م کو کلمے کی بنیاد پر جمع ہونے کی دعوت دیتی ہے ۔

سندھ کے عوام برسوں سے شدید مشکلات اور پریشانیوں کا شکار ہیں ۔ پورا سندھ موئن جو دڑو کا منظر پیش کررہا ہے اور کراچی کو ورلڈ بنک نے دنیا کے 10ناقابل رہائش شہروں میں سے ایک قرار دیا ہے، سندھ کے عوام کے لیے صحت اور تعلیم کی سہولتوں کا کوئی انتظام نہیں ہے اور یہ سب کرپٹ ظالم حکمرانی کا نتیجہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آج سندھ ورکرز کنونشن میں سندھ میں رہنے والے اور ہر زبان بولنے والے شریک ہیں ، سب بھائی بھائی ہیںاور سندھی اجرک کی موجودگی پورے سندھ کے لیے اخوت اور محبت کا پیغام ہے ۔

جماعت اسلامی سندھ کے مظلوم عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی ۔ جماعت اسلامی کا دامن کرپشن سے پاک ہے اور آج جماعت اسلامی نے یہ کنونشن کر کے اس بات کا ثبوت دیا ہے کہ وہ ایک منظم اور مؤثر جماعت ہے ۔ ورکرز کنونشن سندھ کے عوام کو نیا حوصلہ اور عزم دے گا اور یہاں سے جانے والے اس پیغام کو لے کر جائیں گے کہ سندھ کو اور پورے پاکستان کو اسلامی اور خوشحال بنانے کی جدوجہد مزید بہتر کی جائے گی ۔

حافظ نعیم الرحمن جو پورے کنونشن کے ناظم اجتماع ہیں نے شرکاء کو باغ جناح میں دو دن قیام اور ان کے لیے کیے گئے انتظامات و تیاریوں کے حوالے سے ضروری ہدایات دیں اور کہا کہ جماعت اسلامی کراچی نے سندھ کے عوام کے لیے اپنی میزبانی حق پوری طرح ادا کرنے کی کوشش کی ہے اور اس وسیع و عریض گراؤنڈ میں ایک چھوٹی سی عارضی بستی بسائی ہے ۔ محبت اور اخوت ہی ہمارا پیغام ہے ۔

شاہ عبد اللطیف بھٹائی صوفی اور محبت کے شاعر ہیں ۔ جماعت اسلامی پوری امت کے ایک ہونے کے نظریے اور عقیدے پر یقین رکھتی ہے اور ہم اللہ اور اس کے رسولؐ کی عقیدت و محبت اور پیروی کے مرکز و محور کی طرف بلاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی جماعت کا پہلا اورنیا تجربہ ہے لیکن ہم نے پوری کوشش کی ہے کہ تمام ضروری انتظامات اور سہولتیں مہیا کی جائیں ۔ یہاں ہمیں ایثار اور قربانی سے کام لینا ہے ہم جماعت اسلای کراچی کی طرف سے تمام شرکاء کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :