علاقائی روابط پاکستان کی خارجہ پالیسی کا کلیدی ستون ہے ،وزیراعظم محمد نواز شریف

پاکستان وسطی ایشیاء کے ممالک میں گیٹ وے کا کردار ادا کررہا ہے وزیراعظم محمد نواز شریف کا دو روزہ ’’گلوبل سسٹین ایبل‘‘ ٹرانسپورٹ کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 26 نومبر 2016 18:38

علاقائی روابط پاکستان کی خارجہ پالیسی کا کلیدی ستون ہے ،وزیراعظم محمد ..
اشک آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ علاقائی رابطے اور اقتصادی استحکام پاکستان کی خارجہ پالیسی کے اہم جزو ہیں اورپاکستان وسطی ایشیاء کے ممالک میں گیٹ وے کا کردار ادا کررہا ہے۔ دو روزہ ’’گلوبل سسٹین ایبل‘‘ ٹرانسپورٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ہفتہ کو وزیراعظم نے کہا کہ وسطی ایشیاء میں گیٹ وے کے طور پر اپنا کرادر ادکرنا پاکستان کے لئے بڑی خوشی کی بات ہے ۔

وزیراعظم نے کہا کہ پرامن ہمسائیگی کا نظریہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا بنیادی اصول ہے اورامن وسلامتی کے بغیر ترقیاتی پالیسیوں کے اثرات سے استفادہ نہیں کیا جاسکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی ذمہ داریوں کے حوالے سے پوری طرح پرعزم ہے اورعلاقائی او اقتصادی انضمام میں اپنے کردار سے مطمئن ہے، چین پاکستان اقتصادی راہداری(سی پیک) جیسے منصوبوں کے ذریعہ پاکستان کی جغرافیائی اہمیت میں مزید اضافہ ہوا ہے اور اس سے جغرافیائی ترقی کے اہداف کے حصول کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک مختلف ترقیاتی اوربنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کا مجموعہ ہے اور اس سے خطے کے رابطوں میں اضافہ اور چین، مشرق وسطیٰ ، جنوبی ایشیاء اور مشرقی وسطی کے باہمی رابطوں کو فروغ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ21 ویں صدی رابطوں کی صدی ہے، موثر داخلی اور علاقائی رابطوں کی عدم موجودگی کی صورت میں ممالک ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ جائیں گے ۔

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ باہمی تعاون اورمشترکہ کاوشوں سے اپنے عوام کیلئے خوشحال، امن وامان اور ترقی کے وعدوں کی تکمیل کی جاسکتی ہے۔ انہوں نے اشک آبادمعاہدے میں پاکستان کی شرکت کا اعلان کیا اورتوقع ظاہر کی کہ یہ معاہدہ پرامن ہمسائیگی کے خواب کو پورا کرنے میں سنگ میل ثابت ہوگا جس سے مختلف ممالک کی معیشتوں کے انضمام ، منڈیوں کے رابطوں اورثقافتی روابط میں اضافہ ہوگا اورجنوبی اور وسطی ایشیائی ممالک سمیت بین الاقوامی روابط کو فروغ حاصل ہوگا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترکمانستان کے صدر قربان علی بردی محمد وف نے کہا کہ جدید ٹرانسپورٹ نظام سے ممالک کے مابین اور عالمی سطح پر پائیدار عالمی تعلقات میں بڑی مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ کے شعبہ کی ترقی کیلئے ترکمانستان موثر پالیسی کے تحت اقدامات کررہا ہے۔ کانفرنس میں وزیراعظم کے معاون برائے خارجہ امور طارق فاطمی ، وزیراعظم کے مشیرعرفان الحق صدیقی اور ترکمانستان میں پاکستانی سفیر نے بھی شرکت کی۔ قبل ازیں وزیراعظم نے آزادی کی یادگار کا دورہ کیا اور پھول چڑھائے ۔