پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملازمین کے حقوق کے تحفظ کیلئے آواز بلند کی ،حاجی علی مدد جتک

صوبائی حکومت فارماسٹس کے مطالبات کو فوری طور پر منظور کرے، صدر پیپلز پارٹی بلوچستان

ہفتہ 26 نومبر 2016 18:36

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2016ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی صدر حاجی علی مددجتک ،سیکرٹری جنرل سید اقبال شاہ اور سیکرٹری اطلاعات سردار سربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملازمین کے حقوق کے تحفظ کیلئے آواز بلند کی ہے صوبائی حکومت فارماسٹس کے مطالبات کو فوری طور پر منظور کرے بصورت دیگر پیپلز پارٹی ملازمین کے ساتھ ملکر احتجاج کریگی۔

یہ بات انہوں نے ہفتہ کو پریس کلب کے سامنے فارماسٹس کی جانب سے لگائے گئے احتجاجی کیمپ میں فارماسٹس ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر عبدالسلیم بلوچ ، ڈاکٹر حیات اللہ ، صفیع اللہ اور حیدر کرار سے بات چیت کرتے ہوئے کہی فارماسٹس نے اپنے مطالبات کے بارے میں پیپلزپارٹی کے عہدیداروں کو آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ پیپلز پارٹی مزدوروں کی جماعت ہے جس نے ہمیشہ مزدوروں کے حقوق کیلئے جدوجہد کی ہے اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔

انہوںنے کہا کہ صوبائی حکومت فارماسٹس کے مسائل حل کرنے میں ٹال مٹول سے کام لے رہی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں اورمطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طور پر فارماسٹس کے مطالبات منظور کئے جائیں بصورت دیگر فارماسٹس کے ساتھ ملکراحتجاج پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے فارما سٹس ایسوسی ایشن کو پیپلز پارٹی کی جانب سے ہرممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :