حکومت نریندرمودی کی دھمکیوں کانوٹس لیکرمعاملہ عالمی سطح پر اٹھائے‘میاں مقصود احمد

ملکی معیشت کو مضبوط ومستحکم کرکے ہی ہم ترقی کرسکتے ہیں‘ امیرجماعت اسلامی پنجاب کی عوامی وفود سے گفتگو

ہفتہ 26 نومبر 2016 17:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے کہاہے کہ مہنگائی نے غریب عوام کی مشکلات میں شدیداضافہ کردیا ہے جس کی وجہ سے عوام کی قوت خرید بری طرح متاثر ہوئی ہے،بے روزگاری کے باعث مزدوروں کے گھروں میں نوبت فاقوں اور خود کشی تک پہنچ چکی ہے،لوگوں کو کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں،لاکھوں روپے تنخواہیں لینے والے وزراء 12ہزار روپے میں غریب عوام کے گھر کاماہانہ بجٹ بناکر دکھائیں ،موجودہ حکمران عوام دشمن پالیسیوں کی بدولت صرف ساڈھے تین برس میں اپنی مقبولیت کھوچکے ہیں ،اقتصادی راہداری منصوبے سے جہاں بھارت کو تکلیف ہورہی ہے وہاں امریکہ ،اسرائیل اور مغربی ممالک اس عظیم منصوبے کے آگے رکاوٹیں ڈال رہے ہیں ،ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت پاکستان ہمسایہ ممالک افغانستان اور ایران سے تجارتی اوردوستانہ تعلقات کے فروغ کے لیے خطے کے دیگر ممالک کے تجربات سے بھرپورانداز میں استفادہ کرے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف عوامی وفودسے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستا ن نریندرمودی کی جانب سے آبی جارحیت کے ذریعے پاکستا ن کو اجاڑ دینے کی دھمکیوں کا سخت نوٹس لے۔ہندوستان اپنی تمام حدود پار کرچکا ہے۔اب بھارت کو اس کی زبان میں جواب دینا ضروری ہوگیا ہے۔پاکستانی حکمرانوں کی طرف سے مودی سرکارسے دوستی کا تاثر ختم ہونا چاہئے۔

بھارت نہ کل ہمارادوست تھا اور نہ ہی آج وہ پاکستان سے دوستانہ روابط کو استوار کرنے کاخواہشمند ہے۔مودی کی دھمکیوں کامعاملہ عالمی سطح پراٹھایاجانا چاہئے۔پاکستان کی آزادی،خودمختاری اور سلامتی کاہرقیمت پر دفاع ضروری ہے۔انہوں نے کہاکہ ٹیکسوں کی بھرمارنے تاجربرادری کے لیے ملک میں کام کرنادشوار بنادیاہے۔دنیابھرمیں تاجروں کومختلف مراعات دے کراپنے ہی ملک میں کاروبارکرنے کی ترغیب دی جاتی ہے مگر بدقسمتی سے ہمارے ہاں معاملہ بالکل الٹ ہے۔

ملکی معیشت کو مضبوط ومستحکم کرکے ہی ہم ترقی کی منازل طے کرسکتے ہیں۔انہوں نے مزیدکہاکہ کسی بھی ملک کی معیشت میں ایکسپورٹ ریڑھ کی ہڈی تصور کی جاتی ہے جبکہ پاکستان میں ایکسپورٹرزکوکئی سال سے سیلز اور انکم ٹیکس کی مد میں ریلیف نہیں دیاگیا۔

متعلقہ عنوان :