لیسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 6لاکھ75ہزار میٹرز خریدنے کی منظوری دیدی

سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے معاملے پر بھی مثبت پیشرفت ،تکمیل کے لئے کنسلٹنٹ بھرتی کئے جائینگے

ہفتہ 26 نومبر 2016 17:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2016ء) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی ( لیسکو ) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 6لاکھ75ہزار میٹرز خریدنے کی منظوری دیدی ، سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے معاملے پر بھی مثبت پیشرفت ہوئی ہے ۔ لیسکو کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس چیئرمین عرفان اکرم کی زیرصدارت گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں بورڈ ممبران سمیت کمپنی کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔

اجلاس میں 6لاکھ75ہزار میٹرز خریدنے کی منظوری دی گی ۔میٹنگ منٹس جاری ہونے کے بعد مینو فیکچرنگ کمپنی کو آرڈر دئیے جائیں گے۔ ایڈ وانس میٹرنگ انفراسٹر اکچر منصوبے پر بھی اہم پیشرفت ہوئی ہے جس کی تکمیل کیلئے کنسلٹنٹ بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے 6 ارب کی لاگت سے پراجیکٹ کا پہلا فیز مکمل ہوگا،پہلے فیز میں 17لاکھ صارفین کو سمارٹ میٹرز لگا کر دئیے جائیں گے۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو لیسکو واجد کاظمی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی فنڈنگ سے شروع کئے جانے والے سمارٹ میٹرز کی تنصیب کے منصوبے سے بجلی چوری روکنے میں مدد ملے گی ۔اس نظام کے ذریعے میٹر ریڈرز کا کردار ختم ہو جائے گا اورسنٹرالائزڈ ہونے کے باعث متعلقہ آفیسر اپنے دفترمیں بیٹھ کر نہ صرف کسی میٹر کا لوڈ چیک کر سکے گا بلکہ ضرورت پڑنے پر اسے روکا بھی جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے میں 80فیصد فنڈنگ ایشین ڈویلپمنٹ بینک کی ہے جبکہ باقی تقسیم کار کمپنیاں اپنے وسائل میں سے خرچ کریں گی ۔ یہ نظام مرحلہ وار ملک بھر کی تمام ڈسٹری بیوشنز کمپنیوں میں لگایا جائے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ دسمبر میں خراب میٹرز کو تبدیل کر دیا جائے گا ۔زیر التواء ڈیمانڈ نوٹسز پرمیٹرز نصب کر دئیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :