حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے مثالی اقدامات کیے، حمیدہ وحید الدین

ہفتہ 26 نومبر 2016 17:13

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2016ء)وزیر برائے ترقی خواتین پنجاب حمیدہ وحیدالدین نے کہاہے کہ حکومت نے خواتین کے حقوق کے تحفظ اوران کے خلاف تشدد کے روک تھام کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں اوراس سلسلے میں صوبائی اسمبلی میں قانون سازی کی گئی جس سے خواتین کے خلاف جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کو سخت سزائیں دی جاسکیں گی۔

وہ پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئج میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کی عالمی مہم کے سلسلے میں سیمینار سے خطاب کررہی تھیں۔صوبائی وزیر حمیدہ وحید الدین نے کہا کہ حکومت پنجاب نے خواتین کو با اختیار بنانے اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے متعدد عملی اقدامات کئے ہیں - انہوں نے کہا کہ اس سال کے بجٹ میں خواتین کی فلاح و بہبود کے مختلف منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر 9 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں - حمیدہ وحیدالدین نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ خواتین کو با اختیار بنائے بغیر ترقی نہیں کر سکتا- انہوں نے خواتین کے تحفظ کے لئے کئے جانے والے حکومتی اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے تحفظ کے لئے ہراسمنٹ ایکٹ نافذ کیا گیا ہے - مظلوم خواتین کی داد رسی کے لئے کرائسز سنٹرز ، شیلٹر ہومز اور ملتان میں داد رسی مراکز قائم کئے گئے ہیں ، تمام اضلاع میں خواتین کے قانونی مسائل کے حل کے لئے ترجیحاً 2 خواتین پراسیکیوٹرز کا بطور فوکل پرسنز تقرر کیا گیا ہے نیز ہر تھانے میں فوری انصاف اور داد رسی کے لئے خواتین کے ہیلپ ڈیسک قائم کئے گئے ہیں - انہوں نے کہا کہ خاتون صوبائی محتسب کے تقرر سے خواتین کو ہراساں کئے جانے کے واقعات کی روک تھام میں مدد ملی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ معاشی سرگرمیوں میں خواتین کا کردار نمایاں ہے - ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہو گا کہ خواتین اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گی ۔خواتین کی ٹاسک فورس کی چیئرپرسن فضہ فرحان ، یو این ویمن کی کنٹری ڈائریکٹر سنگیتا تھاپا اور فریال گوہر نے کہا کہ خواتین کو با اختیار بنانے اور تحفظ فراہم کرنے سے ملکی ترقی کا عمل تیزہوگا - انہوں نے کہا کہ خواتین کے خلاف صنفی رویوں میں تبدیلی لا کر ہی ایک مثبت معاشرے کی تشکیل کی جا سکتی ہے ۔