کیماڑی آئل ٹرمینل پرآگ لگنے سے فیول ٹینک کی چھت زوردار دھماکے سے اڑگئی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق

ہفتہ 26 نومبر 2016 16:51

کیماڑی آئل ٹرمینل پرآگ لگنے سے فیول ٹینک کی چھت زوردار دھماکے سے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2016ء) کیماڑی آئل ٹرمینل پرآگ لگنے سے فیول ٹینک کی چھت زوردار دھماکے سے اڑگئی جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق ہوگئے۔ریسکیوذرائع کے مطابق کراچی میں کیماڑی آئل ٹرمینل میں آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں فیول ٹینک کی چھت زورداردھماکے سے اڑگئی، واقعے کے وقت جائے وقوعہ پر4 افراد موجود تھے، حادثے کی زد میں آکر2 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ آگ کی شدت کے باعث فیول ٹینک کے کسی بھی وقت گرنے کا خدشہ ہے۔

فائربریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ آگ پرقابو پانے کے لیے کے پی ٹی حکام نے مزید مدد طلب کرلی ہے، آگ بجھانے کے لئے کیمیکل فوم کا بھی استعمال کیا جارہا ہے جب کہ11 فائربریگیڈ آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔کے پی ٹی کے فائر چیف آفیسر سعید جدون نے میڈیاسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آگ ایک ہزار ٹن فیول سے بھرے ٹینک میں لگی ہے جو کہ کے پی ٹی کی ملکیت نہیں ہے بلکہ کسی پرائیوٹ ادارے کے زیرِ استعمال ہے جن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

فائر چیف کے مطابق کے پی ٹی کی 10 اور ایک پاک نیوی کی فائر فائٹنگ گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں، آگ سے فیول ٹینک کے پھٹنے کا بھی خدشہ ہے جس کے لیے تمام احتیاطی تدابیر بروئے کار لائی جا رہی ہے جب کہ جلد ہی کے ایم سی کی فائر فائٹنگ گاڑیاں بھی پہنچ جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر ایسا لگتا ہے کہ فیول ٹینک میں آگ کسی انسانی غلطی کی وجہ سے لگی ہے شاید کسی موبائل فون کے استعمال یا کسی اور وجہ سے یہ حادثہ رونما ہوا جس میں دہشت گردی کا کوئی عنصر تاحال نظر نہیں آیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ٹرمینل کے بیس منٹ میں پانی، فیول اور دھواں بھر جانے کے باعث امدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جس کے باوجود 25 فیول ٹینکس کے درمیان سے چار افراد میں ایک کی لاشیں اور ایک زخمی کو نکال لیا گیا ہے جب کہ دیگر 2 افراد کی تلاش جاری ہے جس کے لیے ریسکیو اداروں بالخصوص ایدھی کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔

متعلقہ عنوان :