پاکستان میں تیار کی جانے والی فرنیچر مصنوعات عالمی مارکیٹ میں پذیرائی حاصل کرسکتی ہیں، ڈاکٹر عبدالقدیر خان

ہفتہ 26 نومبر 2016 16:29

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2016ء) معروف ایٹمی سائنس دان اورپاکستان کے نیوکلیئر پروگرام کے جد امجد ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں تیار کی جانے والی فرنیچر مصنوعات عالمی مارکیٹ میں پذیرائی حاصل کرسکتی ہیں کیونکہ اپنے جدید ڈیزائن اورمعیار کے باعث ان کو دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے، انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ فرنیچرکی برآمدات کے فروغ کیلئے اس یمکمل صنعت کا درجہ دیا جائے۔

انہوں نے کاروباری برادری پر بھی زوردیا کہ وہ مقامی سطح پر صنعت کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں وسائل کی فراوانی ہے اور ہمارے ہنر مند ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کے حوالے سے بہترین صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ ہفتہ کو چھٹی تین روزہ انٹیریئر نمائش کے دورہ کے موقع پر انہوں نے کہا کہ حکومت کو کاروباری برادری کو مراعات دینی چاہئیں۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو لاہور ایکسپوسنٹر میں نمائش کے دورہ کے موقع پر انہوں نے کہا کہ مقامی صنعت کے فروغ کیلئے نوجوانوں کی جانب سے منفرد ڈیزائن متعارف کروانے کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اس سے فرنیچر کی صنعت اور برآمدات کو فروغ حاصل ہوگا۔ پاکستان فرنیچرکونسل کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرعبدالقدیرخان نے نوجوانوں پر زوردیا کہ وہ ملک کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کریں، ملک کو درپیش مسائل کے خاتمہ میں نوجوان کلیدی کردار ادا کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا نوجوان ہرشعبہ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کررہا ہے۔ پی ایف سی کی نمائش کے انعقاد کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نمائش سے پاکستانی فرنیچر کو عالمی سطح پرمتعارف کروایا جائے گا۔ پی ایف سی کے چیئرمین میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ کونسل نوجوانوں کی بھرپورحوصلہ افزائی کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش کے انعقاد سے نوجوانوں کو عالمی مارکیٹ کی ضرورتوں سے آگاہی ہوگی اور اس سے فرنیچر کی صنعت کے مستقبل کو تابناک بنانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ انٹیریئر پاکستان کے انعقاد سے ملک کے ہنر مندوں کی مہارتوں کو مزید بہتربنایا جاسکے گا اور اس سے وہ بہتر طور پر بین الاقوامی نمائشوں میں شریک ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ فرنیچر کی صنعت ملکی معیشت کے فروغ میں اہم کردار ادا کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فرنیچرکی صنعت کی ترقی و فروغ اور فرنیچر کی برآمدات میں اضافہ کیلئے قومی اور بین الاقوامی ایونٹس میں شرکت کے حوالے سے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔