وزیراعلیٰ پنجاب سے مولانا فضل الرحمن کی ملاقات ،ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال سمیت لائن آف کنٹرول پر کشیدہ صورت حال پر تبادلہ خیال

ہفتہ 26 نومبر 2016 16:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 نومبر2016ء) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں کشمیر کمیٹی کے چیئرمین مولانا فضل الرحمان نے وزیر اعلی ہائوس میں ملاقات کی ہے ۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے باہمی دلچسپی کے امور ، ملکی معاملات اور کشمیر کی صورت حال پر اظہار خیال کیا اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم سمیت لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر بھارت کی شرانگیزی کی شدید الفاظ میں مذمت کی ۔

دونوں رہنمائوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام اور شہداء کے لواحقین سے یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔ اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہاکہ کشمیر برصغیر کا نامکمل ایجنڈا ہے اور اقوام عالم کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے مظالم کا نوٹس لے کر کشمیری عوام کے حق خوداردایت کے لئے آواز اٹھانی چاہئے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی پنجاب نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل خطے کے پائیدار امن کے لئے ضروری ہے جس کے لئے اقوام متحدہ کے ضمیر کو جاگنا ہو گا جبکہ پاکستان بھارتی مظالم اور جبر کے خلاف کشمیری بہن بھائیوں کی ہر ممکن حمایت جاری رکھے گا ۔

شہباز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج پرتشدد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر شرانگیزی کر رہے ہیں ۔ تاہم پاکستان کی امن کوششو ںکو کمزوری نہ سمجھا جائے امن کوشش کو کمزوری سمجھنے والے غلط فہمی کے شکار ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فوج ملکی دفاع کی صلاحیت رکھتی ہے اور پوری قوم ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ بھارتی افواج جبر اور تشدد کے استعمال کے باوجود کشمیری عوام سے ان کا حق خودارادیت چھیننے میں ناکام ہو چکی ہیں بھارت کو مقبوضہ کشمیر میں آگ و خون کا کھیل بند کرنا چائے جبکہ پاکستانی سول و عسکری قیادت کو متحد ہونا چاہئے کیونکہ موجودہ حالات میں نفاق کی نہیں بلکہ اتفاق و اتحاد کی ضرورت ہے ۔