پی ٹی وی نے ملکی ثقافت کی پہچان ، قائد اعظم کے ویژن کو معاشرے میں اجاگر کرنے کی خدمات سر انجام دیں ہیں، پاکستان ٹیلی ویژن نے سنسنی خیزی کی بجائے مصدقہ خبر دیٰنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔ اس کی خبروں کی تردید کی نوبت نہیں آئی ، وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کا پی ٹی وی کی 52ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب

ہفتہ 26 نومبر 2016 14:25

پی ٹی وی نے ملکی ثقافت کی پہچان ، قائد اعظم کے ویژن کو معاشرے میں اجاگر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 نومبر2016ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان ٹیلی ویژن نے سنسنی خیزی کی بجائے مصدقہ خبر دیٰنے کی پالیسی اپنا رکھی ہے۔ اس کی خبروں کی تردید کی نوبت نہیں آئی۔ پی ٹی وی نے ملکی ثقافت کی پہچان ، قائد اعظم کے ویژن کو معاشرے میں اجاگر کرنے کی خدمات سر انجام دیں ہیں۔

وہ ہفتہ کو یہاں پی ٹی وی کی 52ویں سالگرہ کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔ اس موقع پر وزیر مملکت نے پی ٹی وی کی سالگرہ کا کیک کاٹا ، مریم اورنگزیب نے کہاکہ پاکستان ٹیلی ویژن نے دنیا میں پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر کیا ہے ۔ ذمہ داری سے صحافت کی عکاسی پی ٹی وی کا طرہ امتیاز ہے ۔ سنسنی خیزی کی بجائے ہمیشہ مصدقہ خبر دی ہے یہی اس وقت پاکستان کی ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

اس کو مزید بہتر بنانے کا منصوبہ بنا رکھا ہے جس پر عملدرآمد پیر سے ہوگا۔ اس منصوبے کا مقصد پی ٹی وی کو آگے لے کر جانا ہے تاکہ آئندہ سالگرہ کا کیک جب کاٹا جائے تو پی ٹی وی مزید بہتر اور مختلف ہو اور پی ٹی وی اسی طرح ہماری پہچان رہے ۔ انہوں نے پی ٹی وی انتظامیہ اور ملازمین سے کہا کہ وہ اس سفر میں میرا ساتھ دیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ پی ٹی وی کے اکثر پروگرام ملک کی رہنمائی کا ذریعہ ہیں ۔

ہم نے پی ٹی وی کو مالی طور پر خود کفیل بنانا ہے ، پی ٹی وی ملک کی ثقافت کی پہچان بن کر خدمات سرانجام دے رہا ۔ اس نے بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کے ویژن کو معاشرے میں اجاگر کیا ہے ۔ پی ٹی وی نے اپنے پروگراموں میں ہمیشہ اپنی شناخت برقرار رکھی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد پی ٹی وی کی بہتر اور اسے مزید آگے لیکر جاناہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت پی ٹی وی کی بطور ادارہ ترقی کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے ۔ جن میں دستیاب انسانی وسائل سے استفادہ ، پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ، مقامی ٹیلنٹ کا اعادہ اور سرکاری اورنجی شعبے کے دومیان بھرپور تعاون کے ذریعے پی ٹی وی کو نہ صرف صرف خودکفیل کرنا بلکہ منافع بخش ادارہ بنانا شامل ہے ۔