ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس سمیت کسی بھی کانفرنس میں شرکت کیلئے کوئی بھی وفد بھارت نہ بھیجا جائے ‘ قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع

مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم ،ایل او سی کی خلاف ورزی کی وجہ سے سینکڑوں پاکستانی شہری اور فوجی شہید ہو چکے ہیں‘ قرار داد کا متن

ہفتہ 26 نومبر 2016 13:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2016ء) تحریک انصاف نے بھارت کی طرف سے کشمیریوں پر مظالم اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس سمیت بھارت میںہونے والے کسی بھی کانفرنس میں شرکت کے لئے وفد نہ بھیجنے کے مطالبے پر مبنی قرار داد پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ جمع کروا دی ۔

پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی شعیب صدیقی کی طرف سے جمع کروائی گئی قرار داد کے متن میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلمان کشمیری بھائی ، بہنوں اور بچوں پر بھارتی فوج و حکومت کی جانب سے بربریت ، جارحیت ، غیر اخلاقی اور انسانیت سوز مظالم کی داستانیں رقم کئے جانے کے واقعات سالہا سال سے جاری ہیں ۔ بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف غیر اعلانیہ جنگ کا آغاز کیا جا چکا ہے اور آئے روز بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کی جا رہے جس کی وجہ سے سینکڑوں پاکستانی شہری اور فوجی شہید ہو چکے ہیں ۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی گندی سوچ کے مطابق بین الاقوامی معاہدوں کے باوجود اعلانیہ طور پر کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو پانی کی ایک ایک بوند سے محروم کر دے گا ۔ پاکستان کے وزیر اعظم ، وزیر خارجہ اور انکی ٹیم کی جانب سے بھارت کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے کوئی واضح پالیسی عوام کے سامنے نہیں لائی گئی اور نہ ہی عوام کو آگاہ کیا جا رہا ہے کہ وزارت خارجہ نے او آئی سی ، یو این او اور دیگر بین الاقوامی فورمز پر بھارت کے خلاف کس طرح اپنا مقدمہ پیش کیا ہے جو موجودہ حکمرانوں کی خارجہ اور سفارتی تعلقات کے حوالے سے مکمل ناکامی کا ثبوت ہے ۔

وزیر اعظم کے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کا یہ بیان سامنے آیاہے کہ وہ دسمبر 2016ء کے اوائل میں بھارت میں ہونے والے ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس میں بھرپور شرکت کریں گے ۔ ان کے اس بیان سے پاکستان کے عوام انتہائی دکھ اور تکلیف میں ہیں کہ بھارت ہمیں نقصان پہنچانے کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا اور ہمارے حکمران بھارت سے سختی سے نمٹنے کی بجائے کمزوری دکھاتے ہیں ۔ لہٰذا صوبائی اسمبلی پنجاب کا یہ معزز ایوان مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے بھارت جانے کے بیان کی بھرپور مذمت کرتا ہے اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتاہے کہ ہارٹ آف ایشیاء کانفرنس یا کسی بھی دیگر کانفرنس جو بھارت میں منعقد ہو اس میں شرکت کے لئے کوئی بھی وفد بھارت نہ بھیجا جائے بلکہ جگہ تبدیل کرانے کی کوشش کی جائے ۔