سیکورٹی فورسز نے مہمند ایجنسی میں ایف سی کیمپ پر خود کش حملے کی کوشش ناکام بنادی ‘ 4 دہشت گرد ہلاک

Mian Nadeem میاں محمد ندیم ہفتہ 26 نومبر 2016 13:33

سیکورٹی فورسز نے مہمند ایجنسی میں ایف سی کیمپ پر خود کش حملے کی کوشش ..

مہمندایجنسی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26 نومبر۔2016ء) سیکورٹی فورسز نے مہمند ایجنسی میں فرنٹیئر کانسٹیبلری (ایف سی) کیمپ پر خود کش حملے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔مہمند ایجنسی کے ہیڈ کوارٹر غلنئی میں واقع مہمند رائفلز کیمپ پر صبح 6 بجکر 20 منٹ پر شدت پسندوں نے حملہ کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کے ڈائریکٹر جنرل عام باجوہ نے ٹوئیٹر پیغام میں کہا کہ سیکورٹی فورسز نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے مہمند ایجنسی کے غلنئی کیمپ میں حملہ کرنے والے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جبکہ ہمارے دو جوان بھی شہید ہوئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 4 خود کش حملہ آوروں نے فائرنگ کرتے ہوئے مسجد میں داخل ہونے کی کوشش کی جبکہ حملہ آوروں کو روکتے ہوئے ایف سی کے 2 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

اس حملے میں ایف سی کے 14 اہلکار زخمی بھی ہوئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے کے بعد چاروں خود کش حملہ آوروں کوہلاک کردیا گیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق مہمند ایجنسی میں کرفیو لگا دی گئی ہے اور ہر قسم کے نقل و حرکت پر پابندی ہے جبکہ علاقے میں گن شپ ہیلی کاپٹرز کی مدد سے سرچ جاری ہے۔

حملے کی ذمہ داری تحریک طالبان جماعت الحرار نے قبول کرلی۔گزشتہ روز بھی وفاقی منتظم شدہ قبائلی علاقے (فاٹا) کی مہمند ایجنسی میں شدت پسندوں نے ایک سرکاری اسکول کو بارودی مواد سے اڑا دیا تھا۔نامعلوم شدت پسندوں نے رات کی تاریکی میں بوائز اسکول میں دھماکا خیز مواد نصب کیا، جو زوردار دھماکے سے پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں اسکول کی عمارت منہدم ہوگئی۔واضح رہے کہ رواں برس ستمبر میں مہمند ایجنسی کی ایک مسجد میں نماز جمعہ کے دوران بھی ایک خود کش دھماکا کیا گیا تھا جس میں تقریباً 24 افراد ہلاک اور 31 زخمی ہوگئے تھے۔

متعلقہ عنوان :