ایل اوسی پرپر کشیدگی، 200ہندو زائرین کا دورہ پاکستان منسوخ

ہندو زائرین کو بھارت کے مختلف علاقوں سے پیر کو کٹاس راج ٹیمپل آنا تھا،اب فروری میں آئیں گے،پاکستانی حکام

ہفتہ 26 نومبر 2016 13:20

اسلام آباد/نئی دہلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2016ء) پاکستان اوربھارت کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کی وجہ سے 200سے زائد بھارتی زائرین نے اپنا دورہ پاکستان منسوخ کردیا۔تقریباً 200 ہندو زائرین کو بھارت کے مختلف علاقوں سے پیر کو کٹاس راج ٹیمپل آنا تھا۔تین روزہ دورے میں ہندو زائرین کو یہاں اپنی مذہبی رسومات ادا کرنی تھیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ نے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایاکہ حالیہ کشیدگی کی وجہ سے وہ اپنے شہریوں کو پاکستان نہیں بھیج سکتے،ادھرمتروکہ وقف املاک بورڈ (ای ٹی بی ٹی) اور چکوال کی ضلعی انتظامیہ نے ہندو زائرین کی آمد کی مناسب سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے تھے۔چیئرمین ای ٹی بی ٹی صدیق الفاروق نے تصدیق کی کہ ہندو زائرین نے دورہ پاکستان منسوخ کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہندو زائرین کے دورے کی منسوخی کی وجہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحد پر جاری کشیدگی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہم نے بھارتی زائرین کو ویزے جاری کردیے تھے لیکن ان کی اپنی حکومت نے انہیں پاکستان جانے سے روک دیا،ای ٹی بی ٹی کے ایڈیشنل سیکریٹری (مزارات) خالد علی نے بتایا کہ پاکستان نے 3 ہزار 319 سکھ یاتریوں کو حال ہی میں ویزے جاری کیے تھے تاہم ان میں سے صرف 2008 سکھ پنجا صاحب آئے۔انہوں نے بتایا کہ ہندو یاتری اب فروری میں شیو راتری کے موقع پر کٹاس راج آئیں گے۔

متعلقہ عنوان :