ترکمانستان :وزیر اعظم نوازشریف سے افغان صدر کی ملاقات

دونوں رہنمائوں کا پاک افغان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر تبادلہ خیال اشرف غنی نے دہشت گردی کیخلاف پاکستانی حکومت اور پاک فوج کے کردار کی تعریف کی

ہفتہ 26 نومبر 2016 12:36

ترکمانستان :وزیر اعظم نوازشریف سے افغان صدر کی ملاقات
اشک آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 نومبر2016ء) وزیر اعظم نوازشریف سے افغان صدر اشرف غنی کی ملاقات ، پاک افغان دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ترکمانستان کے دو روزہ دورے پر گئے وزیراعظم پاکستان نواز شریف سے افغان صدر اشرف غنی نے اہم ملاقات کی ہے جس میں پاک افغان تعلقات اور خطے کی مجموعی صورت حال کے علاوہ باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔

دونوں رہنمائوں میں ملاقات ترکمانستان میں جاری عالمی ٹرانسپورٹ کانفرنس میں ہوئی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کا حامی ہے کیونکہ افغانستان میں پائیدار امن ہی پاکستان کے حق میں ہے ، افغانستان میں امن قائم ہو گا تو ہمسایہ ممالک میں کوفائدہ ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان دونوں دہشت گردی سے متاثرہ ممالک ہیں اور دونوں ممالک کا امن ایک دوسرے سے جڑا ہے اس لئے ہمیں ملکر دہشت گردی کیخلاف لڑنا ہو گا ۔

ذرائع کے مطابق افغان صدر نے بھی دہشت گردی کیخلاف حکومت اور پاک فوج کی قربانیوں کو سراہا اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کیا ۔افغان صدر نے پاکستان کیساتھ تعلقات کو مزید مضبوط و مستحکم بنانے کیلئے اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ ۔

متعلقہ عنوان :