ہم انتخاب لڑ کر مستعفی ہونے کے لیے نہیں آئے : وزیراعظم

ہفتہ 26 نومبر 2016 12:32

ہم انتخاب لڑ کر مستعفی ہونے کے لیے نہیں آئے : وزیراعظم
اشک آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 نومبر2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ انتخاب لڑ کر مستعفی ہونے کے لیے نہیں آئے،کوئی ایسا کام نہیں کیا جس سے جمہوریت کو نقصان پہنچے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ عدلیہ کی بحالی کے لیے لانگ مارچ انہوں نے ہی کیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق اشک آباد میں صحافیوں سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ دوہزار آٹھ میں ان کے اور شہبازشریف کے کاغذات نامزدگی مستردہوئے۔

انہوں نے ایسے انتخابات میں حصہ لیاجس کی نگرانی ق لیگ نے کی پھر بھی کسی سے استعفیٰ نہیں مانگا۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ وہ انتخابات لڑ کر مستعفی ہونے کیلئے نہیں آئے۔

(جاری ہے)

ا ن کا کہنا تھا کہ ان کی جماعت نے صوبائی حکومتوں کے ساتھ تعاون کیا اور انتخابات میں کامیابی کے باوجود بلوچستان میں حکومت نہیں بنائی،وزیر اعظم نے کہا کہ جب اقتدار میں آئے تو ملک میں انارگی پھیلے ہوئی تھی ،آج کا پاکستان کل سے بہت بہتر ہے ،دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا گیا ہے ، معیشت دن بدن ترقی کرتی جارہی ہے جس کی دنیا معترف ہے ،لوڈشیڈنگ کے خاتمے کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر کام کررہی ہے انشاء اللہ آئندہ سال کے آخر تک اس کا بھی ہمیشہ کے لئے خاتمہ کر دیں گے اور ایک روشن پاکستان کا خواب پورا کریں گے ۔

۔