چیف آف آرمی سٹاف کا پاک فضائیہ کا الوداعی دورہ، پاک فضائیہ کے چاق وچوبند دستے نے سلامی دی

پاکستان آرمی اور فضائیہ نے ضرب عضب کے دوران مل کر کام کیا ،ائیرچیف کی آرمی چیف سے ملاقات میں گفتگو جنرل راحیل شریف کی فضائی محافظوں کی ذمہ داری اور جذبہ کی تعریف، مسلح افواج میں بہترین ہم آہنگی پر اطمینان کا اظہار

ہفتہ 26 نومبر 2016 11:51

چیف آف آرمی سٹاف کا پاک فضائیہ کا الوداعی دورہ، پاک فضائیہ کے چاق ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 نومبر2016ء) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے آج ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آبادکا دورہ کیا۔ ایئر ہیڈ کوارٹر اسلام آبادآمد پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان نے ان کا استقبال کیا۔ پاک فضائیہ کے ایک چاق وچوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی ۔ اس کے بعد پرنسپل سٹاف آفیسر ز کا آرمی چیف سے تعارف کرایا گیا۔

بعد ازاں جنرل راحیل شریف نے پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان سے اُن کے آفس میں الوداعی ملاقات کی۔

(جاری ہے)

پاک فضائیہ کے سربراہ نے جنرل راحیل کی پاکستانی دفاع کی مضبوطی اور تینوںافواج کے درمیان مشترکہ و مربوط حکمت عملی کے حصول میں اپنا کردارادا کرنے پر انکی تعریف کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان آرمی اور پاک فضائیہ نے آپریشن ضرب عضب کے دوران مل کر کام کیا تا کہ ملک سے دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کیا جا سکے۔ جنرل راحیل شریف نے ائیر چیف سے گفتگو کے دوران قوم کے فضائی محافظوں کی ذمہ داری اور جذبہ کی تعریف کی اور دونوں مسلح افواج کے درمیان موجود بہترین ہم آہنگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ اسے مستقبل میں مزید بڑھایا جائے۔