آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا ائیر ہیڈ کوارٹرز کا الوداعی دورہ ۔ آئی ایس پی آر

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 26 نومبر 2016 11:14

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا ائیر ہیڈ کوارٹرز کا الوداعی دورہ ۔ آئی ایس ..

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔26 نومبر 2016ء) : آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ائیر ہیڈ کوارٹرز کا الوداعی دورہ کیا ۔ ائیر ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر آرمی چیف کو پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈ پیش کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ائیر چیف مارشل سہیل امان نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا استقبال کیا۔ ائیر چیف مارشل نے الوداعی دورے پر آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشتگردوں کے خلاف آپریش ضرب عضب جاری ہے۔ مسلح افواج کے مشترکہ تعاون سے آپریشن ضرب عضب میں کامیابیاں ملیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کے درمیان تعاون قابل تعریف ہے۔ اور پاک فضائیہ پاکستان کی فضائی سرحدوں کی بہترین نگہبان ہے ۔

(جاری ہے)

ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف اور پاک فضائیہ کے سربراہ سہیل امان کی ملاقات بھی ہوئی۔

ملاقات میں ائیر چیف مارشل کا کہنا تھا کہ تینوں مسلح افواج کے مابین ہم آہنگی کے فروغ میں جنرل راحیل شریف کا کردار اہم رہا۔ آپریشن ضرب عضب میں پاک آرمی،فضائیہ نے یک جان دو قالب کا کردار ادا کیا۔خیال رہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف 29 نومبر کو اپنے عہدے سے ریٹائر ہو رہے ہیں جس کے پیش نظر ان کی الوداعی ملاقاتوں اور الوداعی دوروں کا سلسلہ جاری ہے۔